میلبورن؍ آسٹریلوی ٹیم نے ہندستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ سے پہلے میلبورن پچ کے 'سرپرائز' کرنے کی پیش گوئی کی تھی جسے مہمان ٹیم کے بلے بازوں نے اپنی طوفانی کارکردگی سے میچ کے دوسرے دن جمعرات کو اپنی پہلی اننگز میں سات وکٹ پر 443 رن کا بڑا اسکور بناکر صحیح ثابت کر دیا۔میلبورن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سي جی) کی پچ پر یکساں اچھال کی غیر موجودگی میں آسٹریلوی بولروں کو خاص کامیابی حاصل نہیں ہوئی اور تیسرے ٹیسٹ کے دو دنوں کے کھیل میں ہندستانی بلے بازوں نے جم کر رن بنائے اور دوسرے دن ہندستان نے اپنی پہلی اننگز 169.4 اوور میں سات وکٹ پر 443 رنز بنا کر اعلان کر دیا۔دن کے اختتام تک آسٹریلوی ٹیم بھی اپنی پہلی اننگز کیلئے اتری اور اس نے چھ اوور میں بغیر کسی نقصان کے آٹھ رن بنا لئے ہیں۔ میزبان ٹیم کو ابھی 435 رنز اور بنانے ہیں۔ بلے باز مارکس ہیرس (ناٹ آ=ٹ 5) اور آرون فنچ (ناٹ آ=ٹ 3) کریز پر ہیں۔ہندستانی اننگز میں چتیشور پجارا نے 106 رنز کی ریکارڈ سنچری بنائی جبکہ کپتان وراٹ کوہلی نے 82 رنز بنائے ۔ چوٹ کے بعد واپسی کر رہے مڈل آرڈر کے بلے باز روہت شرما 63 رنز کی نصف سنچری اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ کریز سے واپس آئے ۔ہندستان نے صبح اپنی اننگز کا آغاز کل کے دو وکٹ پر 215 رن سے آگے بڑھاتے ہوئے کیا تھا۔ اس وقت بلے باز پجارا (68) اور کپتان وراٹ (47) رنز بنا کر کریز پر تھے ۔ دونوں بلے بازوں نے بخوبی اپنی اپنی اننگز کو آگے بڑھایا اور تیسری وکٹ کے لئے 170 رن کی مضبوط شراکت کی ۔وراٹ نے کافی تحمل کے ساتھ کھیلتے ہوئے 204 گیندوں کا سامنا کیا اور نو چوکوں کی مدد سے 82 رن بنائے ۔ ہندوستانی کپتان اپنی سنچری سے 18 رن ہی دور تھے کہ آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے انہیں آرون فنچ کے ہاتھوں کیچ کراکر تیسرے بلے باز کے طور پر آؤٹ کیا اور میزبان ٹیم کو دن کا پہلا وکٹ دلایا۔ وراٹ لنچ کے بعد آؤٹ ہوئے ۔پجارا بھی اس کے بعد دیر تک ٹکے نہیں رہ سکے اور چھ رن بعد ہی پیٹ کمنز نے انہیں بولڈ کر ہندستان کا چوتھا وکٹ گرا دیا اور اس شراکت کو بھی توڑا۔