سرینگر// وادی بھر میں عیدمیلادالنبیؐ کی تقریبات کااہتمام انتہائی عقیدت واحترام کیساتھ کیاگیا۔ اس مناسبت سے سب سے بڑی تقریب درگاہ حضرتبل میں منعقد ہوئی جبکہ وادی بھر میں جشن میلادؐ کے سلسلے میں ریلیاں اور جلوس نکالے گئے۔ آثار شریف حضرتبل میں کثیر تعداد میں مرد وزن نے نمازفجر اور دیگر نمازوں کے بعد دیدار موئے مقدسؐ کا فیض حاصل کیا ۔ وادی کے اطراف واکناف سے ہزاروں کی تعداد میںلوگوںنے درگاہ حضرتبل کا رُخ کیاجبکہ خوشگوارموسمی صورتحال ہونے کی وجہ سے بھی یہاں آنے والوںکی تعداد میں اضافہ ہوا ۔البتہ گذشتہ برسوں کے مقابلے میں کویڈ کے پیش نظر زائرین کی کم تعداد دیکھنے کو ملی۔ وقف بورڈ نے پہلے ہی زائرئن کو مشورہ دیا تھا کہ وہ صرف ایک ہی بار موئے مقدس کا دیدار کرے،تاکہ بھیڑ اور ہجوم سے بچا جا سکے۔ منتظمین کی جانب سے کویڈ سے متعلق معیاری عملیاتی طریقہ کار کی پاسداری کو یقینی بنانے کیلئے عملہ اور رضاکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔ نمازفجرسے قبل ہی حضرتبل کا پورا علاقہ رُوح پرور درود و اذکارسے گونج رہا تھا ۔لوگوں کی اچھی خاصی تعداد نماز ظہر کے موقعہ پر موجود رہی تاہم بعد میں اس میں کمی آئی۔ حضرتبل علاقہ میں زائرین کی آمد کے پیش نظر مختلف علاقوں سے یہاں پہنچنے والی گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے نگین اور یونیورسٹی احاطہ میں انتظامات کئے گئے تھے ۔پولیس کی اضافی نفری جگہ جگہ تعینات کی گئی تھی اور سرینگر پولیس نے علاقہ میں خصوصی گشتی اسکارڈ بھی تعینات کئے تھے ۔ عید میلاد النبی ؐکی مناسبت سے لوگوں نے رات بھر روح پرورشب خوانی میں اپنی شرکت کو یقینی بنایا،جس کے دوران محدود عقیدتمندوں نے حاضری دی۔جناب صاحب صورہ،شہری کلاشپورہ،سید صاحب سونہ وار کے ساتھ ساتھ،آثار شریف پنجورہ شوپیان،کعبہ مرگ،کھرم سرہامہ،سیر ہمدان، اہم شریف بانڈی پورہ اور دیگر کئی مقامات پرواقع زیار ت گاہوں،آستانوں اور مساجد میں بھی عیدمیلادالنبیؐ کے موقعہ پر روح پرور تقاریب کا اہتمام ہوا۔ مختلف علاقوں میں عیدمیلادالنبی ؐ کی مناسبت سے خصوصی اجتماعات کااہتمام کیاگیا ۔ وادی کے شمال و جنوب میں عید میلادؐ کی مناسبت سے دن بھر جلوسوں کا سلسلہ بھی جاری رہا،جس میں مرد و زن کے علاوہ بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے جشن میلادؐ میں حصہ لیا۔وادی بھر میں مساجد کی انتظامیہ کمیٹیوں کی طرف سے جشن میلاد ؐ کے سلسلے میں جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں اور یہ سلسلہ شام تک جاری رہا۔ریلیوں اور جلوسوں میں زیادہ تر سکولی بچوں نے شرکت کی۔
صدر جمہوریہ اور وزیر اعظم کی طرف سے نیک خواہشات
نیوز ڈیسک
نئی دہلی // عید میلاد ؐ پرصدر جمہوریہ اوروزیر اعظم نریندر مودی نے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کووند نے اپنے ایک ٹویٹ میں تمام مسلمانوں کو عید میلاد النبیؐ کی مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ’’تمام شہریوں کو خاص طور پر ہمارے مسلمان بھائیوں کو عید میلاد النبیؐ، کے موقع پر نیک خواہشات۔ آئیے ہم نبیؐکی زندگی اور نظریات سے متاثر ہوکر معاشرے کی خوشحالی کے لئے کام کریں اور ملک میں امن اور ہم آہنگی کو فروغ دیں‘‘۔وزیر اعظم نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ایک دوسرے کے ساتھ ہمدردی اور بھائی چارے کی خوبیاں ہمیشہ غالب رہیں۔ میلاد النبیؐمبارک ہو۔ چاروں طرف امن اور خوشحالی ہو۔ مہربانی اور بھائی چارے کی خوبیاں ہمیشہ غالب رہیں۔ عید مبارک۔