یو این آئی
بیونس آئرس/لیونل میسی 14 نومبر کو لوانڈا میں انگولا کے خلاف ہونے والے دوستانہ میچ میں ارجنٹینا ٹیم کی قیادت کریں گے ۔ منیجر لیونل اسکالونی نے جمعرات کے روز 24 رکنی ٹیم کا اعلان کیا، جس میں تین نئے کھلاڑی شامل کیے گئے ہیں۔بینفیکا کے ونگر جیانلوکا پریستیانی، اسٹراسبرگ کے فارورڈ جواکین پینیکیلی اور کومو کے مڈفیلڈر میکسیمو پیروں جنوبی امریکی چیمپئن کے لیے منتخب ہونے والے نئے کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔14 نومبر کو لوانڈا میں ہونے والا یہ مقابلہ آئندہ فیفا انٹرنیشنل سیشن میں جنوبی امریکی ٹیم کا واحد دوستانہ میچ ہوگا۔جیسا کہ توقع تھی، میسی ایک جارحانہ ٹیم کی قیادت کریں گے ، جس میں لوتارو مارٹینیز اور جولیان آلواریز بھی شامل ہیں۔ موجودہ ورلڈ کپ اور کوپا امریکہ چمپئن گول کیپر ایمیلیانو مارٹینیز کے بغیر میدان میں اتریں گے ، جو پنڈلی کی چوٹ سے صحتیاب ہو رہے ہیں۔یہ دوستانہ میچ 2026 فیفا ورلڈ کپ سے قبل، جو امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا میں کھیلا جائے گا، اسکالونی کے لیے ٹیم کے ساتھ تجربہ کرنے کا آخری موقع ہوگا۔