سید اعجاز
پلوامہ//اپنی پارٹی صدر الطاف بخاری نے بدھ کو کہاکہ ان کے دروازے حریت، جماعت اسلامی اور ہندوستان کے آئین پر یقین رکھنے والے دیگر لوگوں کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔ڈانگر پورہ اونتی پورہ میںایک عوامی جلسہ کے حاشیہ میںمیڈیا سے بات کرتے ہوئے بخاری نے کہا ’’میرے دروازے ہر ایک کیلئے کھلے ہیں چاہے وہ حریت، جماعت اسلامی یا کوئی اور جماعت ہو، بشرطیکہ وہ ہندوستان کے آئین کو قبول کریں۔انہوں نے بتایا کہ جب پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس کو ان کی ضرورت تھی، تب ان کے گھروں میں جاتے تھے اور جنوبی کشمیر میں پارلیمنٹ کی نشست این سی نے ان ہی کے ووٹوںسے جیتی ہے‘‘۔انہوں اس بات کی بھی وضاحت کی کہ چار لوگوں کو ان کی پارٹی میں جگہ نہیں ملے گی۔ ان میںملی ٹینٹ،فرقہ وارانہ سیاستدان، منشیات کا کار باری اور جو ملک کا دشمن ہوگا ۔انہوں نے کہا’’ باقی ہر کسی کے لئے ہمارے دروازے کھلے ہیں‘‘ ۔جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ جماعت اسلامی کے ساتھ رابطے میں ہیں، تو بخاری نے کہا کہ میں ایک رہائشی ہونے کے ناطے جموں و کشمیر کے تمام لوگوں سے رابطے میں ہوں۔
اس سے قبل اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بخاری نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی تقدیر نئی دہلی کے ساتھ منسلک ہے۔روایتی سیاسی جماعتوں کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے بخاری نے کہا، ’’تاریخ گواہ ہے کہ ان جماعتوں اور ان کے قائدین نے ہمیشہ عوام کو دھوکہ دیا ہے اور اپنے سیاسی فوائد بالخصوص حصولِ اقتدار کیلئے لوگوں کا بھر پور استحصال کیا ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ، ’’ان پارٹیوں نے ہمیشہ لوگوں کو دھوکہ دہی پر مبنی بیانیوں اور ’’رائے شماری‘‘، ’’اٹانومی‘‘، ’’سیلف رول‘‘ جیسے جذباتی نعروں کے ذریعے گمراہ کیا۔ جبکہ خود اپنے لئے ان لیڈران نے دولت جمع کرنے اور اقتدار حاصل کرنے کو ترجیح دی‘‘۔ انتخابات کے بارے میں بخاری نے کہا کہ جمہوریت اس ملک کی سب سے بڑی ضرورت ہے اور یہ قوم کی طاقت ہے۔جمہوریت ان لوگوں سے آتی ہے جو ایک منتخب حکومت کا انتخاب کرتے ہیں۔