انباجی//کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے آج کہا کہ بی جے پی ان کی شبیہ بگاڑ نے کے لئے پیسہ خرچ کر رہی ہے ، لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہوسکے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کی پارٹی وزیر اعظم نریندر مودی کی غلط پالیسیوں اور خامیوں کو اجاگر کرکے سچ بولتی رہے گی۔ مگر بیان بازی کی وہ حد پار نہیں کرے گی جس سے وزیر اعظم کے عہدے کے وقار پر اثر پڑے ۔انہوں نے کہا کہ مودی جی گجرات میں جھوٹ بول رہے ہیں اور جھوٹ کی سیاست کررہے ہیں اور وہ الیکشن ہار رہے ہیں۔ مسٹر راہل گاندھی نے گجرات یاترا کے دوسرے دن آج شمالی گجرات کے انباجي میں کانگریس کے سوشل میڈیا اور آئی ٹی سیل کے کارکنوں کے ساتھ بات چیت کے دوران یہ باتیں کہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی تصویر بگاڑنے کے لئے بی جے پی کے منفی پروپیگنڈے سے نمٹنے کے لئے انہیں شیوجی کے فلسفہ سے قوت حاصل ہوتی ہے ۔ انہوں نے ایک کارکن کے سوال کے جواب میں کہا کہ وہ شیو جی کے فلسفہ سے یہ طاقت پاتے ہیں اور وہ اپنی شبیہ کی سچائی سے بھی آگاہ ہیں۔ بی جے پی ان کی شبیہ بگاڑنے کے لئے چاہے جتنا پیسے خرچ کرلے ، ایسا ہونے والا نہیں ہے اور عوام سچائی کو ضرور دیکھیں گے ۔ مسٹر راہل گاندھی نے کہا کہ کانگریس خوداحتسابی کرتی ہے جبکہ بی جے پی اور مودی اپنی غلطیوں کا اعتراف بھی نہیں کرتے ہیں۔ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کے لئے براہ راست ذمہ دار ہونے کے باوجود مودی جی اسے قبول نہیں کرتے ۔ کانگریس کے نائب صدر نے الزام لگایا کہ مودی اور بی جے پی کے صدر امت شاہ پردے کے پیچھے سے میڈیا کو کنٹرول کرتے ہیں لیکن وہ سچائی کو چھپا نہیں پائیں گے ۔ سوشل میڈیا پر کانگریس ٹیم گجرات کی سچائی دکھاتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ "گجرات میں چھوٹے تاجروں کا کہنا ہے کہ یہاں سب سے زیادہ بدعنوانی ہے ، پولیس پیسہ مانگتی ہے ۔ مودی جی اوپر سے لوگوں پر بم برساتے رہیں ، عوام نیچے سے ان کی زمین صاف کردیں گے ۔ ان کو اس کا پتہ گجرات الیکشن کے دوران دسمبر میں چل جائے گا"۔یو این آئی