سرینگر// حریت(ع) چیئرمین میر واعظ عمر فاروق پیر کو نئی دہلی میں قومی تفتیشی ایجنسی’’این آئی اے‘‘ کے سامنے پیش ہوئے،جس کے دوران 9گھنٹوں تک میر واعظ کی پوچھ تاچھ ہوتی رہی، انہیں منگل کو پھر طلب کیا گیا ہے۔ این آئی اے نے میرواعظ کو گزشتہ دنوں تیسری مرتبہ این آئی کے دہلی ہیڈ کوارٹر میں پوچھ تاچھ کیلے نوٹس اجراء کی تھی،جس کے بعد میر واعظ پروفیسر عبدالغنی بٹ،بلال غنی لون اور مسرور عباس انصاری کے علاوہ عوامی ایکشن کمیٹی کے رکن ایڈوکیٹ نذیر احمد رونگہ کے ہمراہ دلی روانہ ہوئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ میرواعظ قریب11بجے این آئی اے ہیڈ کوارٹر میں داخل ہوئے،اور قریب9 گھنٹوں تک مسلسل انکی پوچھ تاچھ جاری رہی رور شام8بجے انہیں جانے کی اجازت دی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ تاہم میر واعظ کووقفہ وقفہ سے نمازوں کی ادائیگی کیلئے وقت دیا گیا۔ اس دوران کسی کو بھی انکے ہمراہ رہنے کی اجازت نہیں دی گئی،تاہم ایڈوکیٹ نذیر احمد رونگہ قریب کے کمرے میں موجود تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ میر واعظ کومنگل کی صبح8بجے این آئی اے ہیڈ کوارٹر طلب کیا گیا ہے۔