سرینگر //کافی عرصہ کے بعد وادی کے میدانی علاقت بارش سے تر بہ تر ہوئے جبکہ بالائی علاقوں میںہلکی برف باری ہوئی جس سے درجہ حرارت میںگرواٹ آگئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق تین روز کے دوران سرینگر میں 40ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ دیگر علاقوں میں 45ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ کا کہنا ہے کہ بدھ کو بھی موسم کی صورتحال ایسی ہی رہے گی۔وادی کے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری کے نتیجے میں گریز بانڈی پورہ سڑک کے ساتھ ساتھ سرینگرلیہہ شاہراہ کو بعد دوپہر تک احتیاطی طور گاڑیوں کی آمد رفت کے لئے بند کردیا گیا جبکہ مغل روڑ سوموار سے ہی گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند ہے ۔محکمہ موسمیات نے بتایاکہ دوران شب پوری وادی میں بارشوں کاسلسلہ جاری رہاجبکہ کئی بالائی مقامات میں 3سے 4انچ تک برف ریکارڈکی گئی۔ شہر سرینگر کے ساتھ ساتھ وادی کے دیگر علاقوں میں منگل کو تیسرے روز بھی رک رک کر بارشوں کا سلسلہ جاری رہا ۔اننت ناگ کولگام اورشوپیان اضلاع کے بالائی علاقہ جات میں درمیانہ بارشوں کی اطلاع ملی جبکہ سرینگر کے ساتھ ساتھ بارہمولہ، کپوارہ، بانڈی پورہ، سوپور، ٹنگمرگ، پٹن، بڈگام،اوڑی ،گاندربل ، کنگن کے علاوہ دیگر دوسرے علاقوں میں بھاری بارشوں سے معمولات زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئی ۔تین دنوں سے لگاتار جاری بارشوں کے نتیجے میں ندی نالوں میں پانی کی سطح میں بھی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے ۔ادھر رازدان ٹاپ ، گلمرگ ، افروٹ ، سونہ مرگ زوجیلا ، اور کپوارہ کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری ہوئی جس کی وجہ سے وادی میں درجہ حرارت میں کمی واقعہ ہوئی ہے۔سوموار کو شوپیاں کے بالائی علاقوں میں ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں مغل روڑ پر کئی ایک مقامات پر پسیاں اور پتھر گر آئے تھے جس کے بعد ضلع انتظامیہ نے مغل روڑ کو احتیاطی طور پر گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند کر دیاتھا تاہم منگل کو رازدان ٹاپ پر تازہ برف باری کے نتیجے میں گریز بانڈی پورہ سڑک اور زوجیلا میں تازہ برف باری کے سبب سرینگر لیہہ شاہراہ کو بھی گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے احتیاطی پور پر بند کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر محتار نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ بدھ کو موسم ابرآلودرہنے کے ساتھ ساتھ کئی ایک مقامات پر بارشیںہونے کا امکان بھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جمعرات سے موسم میں تبدیلی آئے گی۔ سوموار اور منگل کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت 6.9ڈگری سلسیشن، قاضی گنڈ میں 5.7،پہلگام میں 4.2ڈگری ،کپوارہ میں 0.3کوکرناگ میں 3.0ڈگری،پہلگام میں 2.2اور گلمرگ میں 0.0ڈگری ریکارڈ گیا گیا ہے ۔ادھرمحمد تسکین کے مطابق وادی چناب اور دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہا تاہم شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہوئے بغیر جاری رہی۔
اوڑی میں آسمانی بجلی گری
سکول کو نقصان، مکان تباہ
اوڑی /ظفر اقبال/سرحدی قصبہ اوڑی میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک سرکاری سکول کو نقصان اور ایک مکان تباہ ہوا۔قصبہ کے مضافاتی گائوں گھاٹی چھولاں میں سوموار اور منگل کی درمیانی رات موسلادھار بارشوں کے دوران سیدموز علی حسین کے مکان پر آسمانی بجلی گری،جس کی وجہ سے رہاشی مکان مکمل طور پرتباہ ہو گیا ۔اس کے علاوہ گورنمنٹ پرائمری سکول گھاٹی کی عمارت کو بھی جزوی نقصان پہنچا ۔ منگل کو تحصیلدار اوڑی محمد اسلم اور زونل ایجوکیشنل آفیسر چندن واڑی غلام جیلانی نے جائے موقعہ پر پہنچ کر صورت حال کا جائزہ لیا۔
تودے گرآنے کی وارننگ
جموں//ایس اے ایس ای کی طرف سے ملی جانکاری کی بناپر بارہمولہ ، گلمرگ ، پھرکیاں ۔زیڈ گلی اور کپوارہ۔ چوکی بل۔ ٹنگڈار، پونچھ ، راجوری ، ریاسی ، رام بن ، ڈوڈہ ، کشتواڑ، ادھمپور ، اننت ناگ ، کولگام ، بڈگام ، کپواڑہ ، بانڈی پورہ ، گاندربل ، کرگل اور لیہہ اضلاع ، بانڈی پورہ ۔ کنزلون۔گریز سیکٹر اور سرینگر ۔جموں قومی شاہراہ پر ہلکے تودے گر آنے کی وارننگ جاری کی گئی ہے ۔ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے تودے گرا ٓنے والے علاقوں میںرہائش پذیر لوگوں کو احتیاطی تدابیر عملانے کی صلاح دی ہے ۔