عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر کے لوگوں کے لئے اس سے بڑی راحت کیا ہو سکتی ہے، اہم جموں پونچھ ہائی وے پر بحالی اور اپ گریڈیشن کے کام میں جلد ہی تیزی آنے کی امید ہے۔ اس بارے میں یقین دہانی بارڈر روڈز آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل نے اننت ناگ-راجوری سے رکن اسمبلی میاں الطاف احمد کو کرائی۔میاں الطاف نے دہلی میں بی آر او کے ڈائریکٹر جنرل سے ملاقات کی اور راجوری، پونچھ اضلاع کے سرحدی اور پہاڑی علاقوں میں سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جو انہیں جموں و کشمیر کے دیگر حصوں سے ملاتے ہیں اور بیکن اور بی آر او کی طرف سے ان کی دیکھ بھال ہوتی ہے۔میاں الطاف احمد نے240 کلومیٹر طویل جموں پونچھ ہائی وے پر کام کی سست رفتاری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور بی آر او چیف کو ان جڑواں سرحدی اضلاع کے لوگوں کو سڑکوں کی خراب حالت کی وجہ سے درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔