یو این آئی
ینگون//میانمار میں سیلاب کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد 74ہوگئی جبکہ 89لوگ لاپتہ ہیں۔یہ معلومات میانمار کے سرکاری روزنامہ گلوبل نیو لائٹ نے اتوار کو دی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شدید بارشوں کی وجہ سے آنے والے سیلاب نے پیی تاو، باگو، منڈالے اور ایاوادی علاقوں کے ساتھ ساتھ مون، کاین اور شان ریاستوں کی 64بستیوں کے 462گائوں اور وارڈوں کو متاثر کیا ہے۔ سیلاب سے 13 ستمبر کی شام تک مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 74 ہو گئی۔رپورٹ کے مطابق آفات سے متاثرہ علاقوں میں 24 پل، 375 اسکول، ایک مٹھ، پانچ ڈیم، چار پگوڈا، 14 ٹرانسفارمرز، 456 لیمپ پوسٹس اور 65 ہزار 759 مکانات تباہ ہوگئے۔سرکاری روزنامے کے مطابق، پیی تاو اور مختلف ریاستوں اور علاقوں میں ضروری صحت کی خدمات، خوراک اور پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے عارضی ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں، جب کہ اہلکار اور امدادی کارکن تلاش اور بچا کے کاموں میں مصروف ہیں۔