یو این آئی
ینگون//میانمار میں سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 384ہوگئی ہے اور 89لوگ لاپتہ ہیں۔میانمار کی ریاستی انتظامی کونسل کی معلوماتی ٹیم نے ہفتہ کو یہ اطلاع دی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مرنے والوں میں نی پیداو یونین ٹیریٹری سے 164، منڈالے ریجن سے 134، شان اسٹیٹ سے 78، ریاست کاین سے پانچ، باگو ریجن سے دو اور اییرواڈی ریجن سے ایک شخص شامل ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیلاب نے نو علاقوں اور ریاستوں میں درجنوں بستیوں کو متاثر کیا، جو ملک کے تقریبا 16 فیصد رقبے پر محیط ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق 2,149 عمارتیں مکمل طور پر تباہ، 3,455 کو جزوی طور پر نقصان پہنچا اور 546 اسکول زیر آب آگئے۔ اس کے علاوہ 533 سڑکیں اور پل، 2489بجلی کے کھمبے اور 99مواصلاتی ٹاور بھی تباہ ہوئے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیلاب سے کل 148,643 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ سیلاب سے 735,461ایکڑ دھان کے کھیت تباہ ہو چکے ہیں اور 144,998جانور اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سمندری طوفان یاگی کی وجہ سے آنے والا سیلاب اور خلیج بنگال میں گہرا دبا گزشتہ 50 سالوں میں سب سے زیادہ تباہ کن تھا۔ رات کے وقت شدید بارش اور پہاڑوں سے پانی بہنے سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ مقامی حکام، امدادی تنظیمیں اور رہائشی متاثرہ علاقوں کی صفائی، صحت کی دیکھ بھال اور متاثرین میں خوراک اور دیگر ضروری اشیا تقسیم کرنے کیلئے مل کر کام کر رہے ہیں۔