سمت بھارگو
ریاسی//ریاسی ضلع کی مہور سب ڈویژن میں حالیہ شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈز نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے جس کے نتیجے میں 350 سے زائد رہائشی مکانات، دکانیں اور مویشی خانہ شدید نقصان کا شکار ہوئے یا مکمل طور پر منہدم ہوگئے۔انتظامیہ کی ابتدائی فیلڈ رپورٹ کے مطابق، سرح اور جمسلان دیہات ہی نہیں بلکہ سب ڈویژن کے بیشتر علاقوں میں مکانات اور دیگر تعمیرات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ سب ڈویژنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) مہور، شفقت مجید نے تصدیق کی کہ اب تک تقریباً تین سو سے زائد ڈھانچے تباہ ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ مکانات کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ایس ڈی ایم مہور نے بتایا کہ بارشوں کے دوران جانی نقصان کو روکنے کے لئے تمام فیلڈ اہلکار، بشمول پٹواریوں کو پہلے ہی اپنے اپنے علاقوں میں موجود رہنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسی فیصلے کی وجہ سے مزید جانی نقصان کو روکا جا سکا، کیونکہ حال ہی میں پیش آئے ایک سانحے میں ایک ہی خاندان کے سات افراد، جن میں میاں بیوی اور ان کے پانچ بیٹے شامل تھے، لینڈ سلائیڈ کی نذر ہو چکے ہیں۔مقامی باشندوں کے مطابق، مکانات کے تباہ ہونے سے لوگ کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اور بیشتر خاندان محفوظ مقامات کی تلاش میں نقل مکانی کر رہے ہیں۔ متاثرہ لوگوں نے حکومت سے فوری امداد اور بحالی کے اقدامات کی اپیل کی ہے تاکہ ان کی مشکلات کم کی جا سکیں۔انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ نقصانات کی مکمل جانچ کے بعد متاثرین کو ریلیف فراہم کیا جائے گا اور ہر ممکن مدد ان تک پہنچائی جائے گی۔