۔ 40روز بعد بھی سیلاب سے متاثرہ مرگی گائوں سے ملبہ صاف کرنے کیلئے متاثرین سرکاری مدد کے منتظر
محمد تسکین
بانہال // وادی چناب کے تقریبا تمام پہاڑی سلسلوں پر اس موسم کی پہلی برفباری ہوئی ہے جبکہ ضلع رام بن میں تحصیل کھڑی کے مہو اور منگت کی بستیوں کے علاوہ گول ، رامسو ، پوگل پرستان ، راج گڑھ ، بٹوت اور رام بن کی پہاڑی چوٹیوں پر اس موسم کی پہلی اور قبل از وقت برفباری ہوئی ہے ۔ ادھر ضلع کشتواڑ کے دور افتادہ سب ڈویژن مڑواہ اور واڑون کی درجنوں بستیوں میں اس موسم کی پہلی برفباری ہوئی ہے ۔ قبل از وقت اور غیر متوقع طور ہوئی برفباری سے واڑون اور مڑواہ کو جوڑنے والا واحد زمینی رابطہ مرگن ٹاپ اور سنتھن ٹاپ بھاری برفباری سے بند ہونے کی وجہ سے مڑواہ اور واڑون کے علاقوں میں زندگی مزید دشوار ہوگئی ہے ۔ ایک سرکاری عہدیدار نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ ضلع کشتواڑ کی تحصیل مڑواہ کے علاقوں میں دو سے پانچ انچ تک برفباری ہوئی ہے جبکہ تحصیل واڑون کے میدانی علاقوں میں پانچ سے چھ انچ اور مرگن ٹاپ اور سنتھن ٹاپ سمیت واڑون کے بالائی علاقوں میں ایک فٹ تک برفباری ریکاڑد کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ گھمری ، سکھنی ، آپن ، کوکند ، میٹھ ون ، دوند اور پاسر کے علاقوں میں پانچ انچ سے ایک فٹ تک برفباری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مڑواہ اور واڑون کو کشتواڑ اور وادی سے جوڑنے والے مرگن ٹاپ اور سنٹھن ٹاپ کے دروں پر برفباری کی وجہ سے علاقے کو جوڑنے والی یہ واحد سڑک ٹریفک کیلئے بند ہوگئی ہے ۔ واڑون کے سماجی و سیاسی لیڈر ماسٹر غلام محی الدین مہرو نے فون پر کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سب ڈویژن مڑواہ اور واڑون کے علاقوں میں اچانک ہوئی برفباری کی وجہ سے پھلدار درختوں اور زمینوں میں مویشیوں کیلئے ذخیرہ کئے گئے گھاس کو نقصان پہنچا ہے جبکہ 26اگست کی شام بادل پھٹنے کے بعد سیلابی ریلے کی زد میں آئے مرگی گائوں کے لوگوں کی طرف سے اپنے بل بوتے پر گھروں اور مقامی جامع مسجد سے ملبہ صاف کرنے کا کام برفباری کی وجہ سے متاثر ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفت کی زد میں آئے مرگی کے متاثرہ لوگوں کی نظریں ممبر اسمبلی اندروال پیارے لال شرما کے اُس اعلان پر لگی ہوئی ہیں جس میں مرگی گائوں سے ملبہ صاف کرنے کیلئے تینتیس لاکھ روپئے کی رقم کا ایک منصوبہ سرکاری منظوری کیلئے بھیجا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب ڈویژن مڑواہ اور واڑون کے علاقوں میں سردیوں کیلئے راشن کاذخیرہ ابھی تک نہیں کیا گیا ہے اور ضلع انتظامیہ کو فوری طور پر مرگن اور سنتھن ٹاپ کو قابل آمدورفت بنانے اور علاقے میں وافر مقدار میں راشن کا ذخیرہ کرنے کے اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ لوگوں کی برفباری کے دوران کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔