پونچھ// خطہ پیر پنچال میں بھی پٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پریشان ہے۔ خطہ پیر پنچال پہاڑی اور پسماندہ علاقہ ہے بیشتر آبادی مزدور پیشہ سے وابستہ ہے اور روز بروز مہنگائی کی وجہ سے اس علاقے میں رہنے والے لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ عوامی پیر پنچال پارٹی کے صدر ایڈوکیٹ یونس چوہان نے ایک پریس کانفرنس کے دوران مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عوام کا جینا محال ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا خطہ پیر پنچال میں بھی بے روزگاری کی شرح کافی زیادہ ہے جبکہ کچھ لوگ روزی روٹی کےلئے ٹیکسی اور آٹو رکشا اور سوموں چلاتے ہیں لیکن پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے یہ لوگ ایک بار پھر سے بے روزگار ہونے کی دہلیزپر ہیں۔ انہوں نے کہامہنگائی کی وجہ سے پورے ملک کے عوام پریشان ہیں لیکن حکومت کی جانب سے کسی بھی قسم کی راحت نہیں مل رہی ہے۔انہوں نے کہا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے غذائی اجناس کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں تو وہیں ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل ہو رہے اضافے سے عوام کے اوپر دہری مار پڑ رہی ہے۔ رسوئی گیس کی قیمت میں تین ماہ کے وقفے میں تقریباً 200 روپے اضافہ ہونے سے رسوئی میں کھانا بنانا بھی مشکل ہو رہا ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت کے تئیں ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے گھر کاخرچ چلانا بھی مشکل ہورہا ہے۔