سرینگر//وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے برصغیر میں علم پھیلانے میں کشمیرکی تاریخی مرکزیت کو اُجاگر کرتے ہوئے مہاراشٹر کے طلباءسے تلقین کی کہ وہ ملک بھر میں ریاست جموں وکشمیر کے برینڈ سفیروں کے طور کام کریں ۔کریٹیو اکیڈیمی پونے سے تعلق رکھنے والے مہمان طلباءکے اعزاز میں دئیے گئے عشایہ کی تقریب کے دوران طلاب کے ساتھ بات کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ یہ طلباءوادی سے بہترین یادیں لے کر جائیں گے اور ان کا اظہار اپنے اپنے کنبوں اور دوستوں کے ساتھ کریں گے۔واضح رہے کہ 90طلاب پر مشتمل ایک گروپ پہلی مرتبہ وادی کے تعلیمی دُورے پر آیا ہے اور انہوںنے یہاں وزیر تعلیم اور محکمہ کے افسران کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔باغبانی کے وزیر سید بشارت بخاری ، سیکرٹری تعلیم فاروق احمد شاہ ، سابق وزیر محمد دِلاور میر ،ہوٹیلیر مشتاق احمد چایہ اور ڈائریکٹر کریٹیو اکیڈیمی پونے نوشاد شیخ بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔الطاف بخاری نے کہا کہ اس طرح کے پروگراموں کی بدولت مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلاب کو ایک دوسرے کے ساتھ خیالات کا تبادلہ کرنے کا بہترین موقعہ دستیاب ہوتا ہے۔انہوںنے کہا کہ تعلیمی سیاحت کے بدولت بیرون ریاست کشمیری سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے باغبانی کے وزیر سید بشارت بخاری نے مہاراشٹر کے ٹور آپریٹروں کی اس طرح کے پروگراموں کا انعقاد کرنے کےلئے سراہنا کی اور اُمید ظاہر کی اس طرح کے پروگرام آئندہ بھی جاری رکھے جائیں گے۔انہوںنے طلباءسے کہا کہ وہ اپنے تجربات مہاراشٹر میں دیگر طلباءکے ساتھ بانٹیں تاکہ وہاں کی عوام کے سامنے کشمیر کی اصل صورتحال رکھی جاسکے ۔سیکرٹری سیاحت فاروق شاہ نے کشمیر کے سیاحتی وسائل کو اُجاگر کرتے ہوئے طلاب پر زور دیا کہ وہ مستقبل میں اپنے کنبوں کے ساتھ وادی کشمیر اور ریاست کے دیگر خطوں کی سیر کریں۔اُنہوںنے کہاکہ بڑے گروپوں میں کشمیر آنے والے طلباءکو مغل باغات میں مفت انٹری اور گلمرگ میں کیبل کار شرحوں میں رعایت دی جائے گی۔اس موقعہ پر نوشاد شیخ نے اپنا تعاون دینے کے لئے ریاستی حکومت بالخصوص وزارت تعلیم کا شکریہ ادا کیا۔تقریب کے دوران کئی طلاب نے کشمیر کے حوالے اپنے تجربات اورتاثرات پیش کئے۔