عظمیٰ نیوز سروس
جموں //جموں میں مہلوک فوجیوں کو خراج عقیدت کی تقریب منعقد ہوئی۔پانچ فوجی جوانوں کی میتوں کو راجوری سے جموں کے آرمی جنرل ہسپتال لایا گیا جہاں پر پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، لیفٹیننٹ جنرل اوپیندردویدی، چیف سکریٹری ڈاکٹر اے کے مہتا، ڈی جی پی آر آر سوین، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس، لا اینڈ آرڈر وجے کمار، ڈویژنل کمشنر رمیش کمار اور آئی جی پی آنند جین، بڑی تعداد میں مسلح افواج، عام شہری اور پولیس کے عہدیداروں میں شامل تھے، جنہوں نے پورے فوجی اعزاز کے ساتھ فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور فوجیوں کے تابوتوں پر پھول چڑھائے۔اس موقعہ پر مہلوک فوجیوں کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب کے بعد ایکس پر پوسٹ کیا”میں اپنی فوج کے بہادروں، کیپٹن ایم وی پرانجل، کیپٹن شبھم گپتا، حوالدار عبدالمجید، لانس نائیک سنجے بشت، پیرا ٹروپر سچن لور کو سلام پیش کرتا ہوں، ان کی بہادری اور قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ ان کے اہل خانہ سے تعزیت،” عہدیداروں نے بتایا کہ ترنگے میں لپٹے ہوئے فوجی اہلکاروں کے تابوتوں کو ان کی آخری رسومات کے لیے جموں سے ان کے آبائی مقامات پر لے جایا جائے گا۔