جموں//بزرگ رہنما اور مہاراجہ ہری سنگھ کے بیٹے ڈاکٹر کرن سنگھ نے جموں خطے کے نوجوانوں کی طرف سے ریاست کے آخری حکمران کی یوم پیدائش کے موقع پر 23 ستمبر کو گزیٹیڈ تعطیل کے حوالے سے کئے گئے مطالبے کی تائید کی ہے۔ ایک بیان میں سابق ممبر پارلیمنٹ نے کہا کہ “میرے قابل احترام والد مہاراجہ ہری سنگھ جی کے یوم پیدائش پر تعطیل کے لیے جموں کے نوجوانوں کی ایک دیرینہ مطالبہ اور تحریک چل رہی ہے، جس کی میں بھرپور حمایت کرتا ہوں۔ باپو جی نہ صرف اس وجہ سے ایک انتہائی قابل احترام شخصیت تھے کہ انہوں نے ہندوستان سے الحاق کے تاریخی دستاویز پر دستخط کیے بلکہ ان کے دور حکومت میں کیے گئے بہت سے ترقی پسند اقدامات کی وجہ سے بھی وہ مقبول ہیں جن میںدھرمارتھ مندروں کو دلتوں کے لیے کھولنا، ‘بیگار’ کی مکروہ پالیسی ختم کرنا، کشمیر میں جبری مشقت کا خاتمہ، جموں میں عمدہ کالج اور اسپتالوں کی تعمیر شامل ہیں”۔انکامزید کہناتھا”میں سمجھتا ہوں کہ تحریک کچھ دنوں کے لیے روک دی گئی ہے۔
میں انتظامیہ سے گزارش کروں گاکہ حکومت پورے معاملے پر دوبارہ غور کرے اور اس مطالبے کو قبول کرے جس کی نہ صرف جموں کے نوجوانوں بلکہ ریاست کے عام شہریوں کی طرف سے وسیع پیمانے پر تعریف کی جائے گی۔ جموں کے انتہائی حساس سرحدی علاقے میں مسلسل اشتعال انگیزی اور معمولات زندگی میں خلل ڈالنا مناسب نہیں ہے‘‘۔ سابق ممبر پارلیمنٹ نے مزید کہا کہ میں نے اس معاملے پر اپنے خیالات کو وزیر اعظم تک پہنچا دیا ہے۔