عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں و کشمیر کے آخری ڈوگرہ حکمران مہاراجہ ہری سنگھ کا 130 واں یوم پیدائش منگل کو پورے جموں خطہ میں منایا گیا، جب کہ لیڈروں اور سول سوسائٹی گروپ نے اس موقع کو مرکز کے زیر انتظام علاقے میں ریاست کا درجہ بحال کرنے کے اپنے مطالبے کی تجدید کے لیے استعمال کیا۔2022میں، لیفٹیننٹ گورنر کی زیر قیادت جموں و کشمیر انتظامیہ نے مہاراجہ ہری سنگھ کے یوم پیدائش کو جموں میں مقیم یووا راجپوت سبھا کے زیرقیادت ایک طویل ایجی ٹیشن کے جواب میں عام تعطیل کا اعلان کیا۔یووا راجپوت سبھا کے ایک لیڈر نے شہر کے باہر تالاب تلو سے نکالی گئی ایک بڑی موٹر ریلی کے اختتام کے موقع پرتوی پل کے قریب ڈوگرہ حکمران کے مجسمے پر پھول چڑھانے کے بعد کہا’’ہم اپنے مہاراجہ کی یوم پیدائش پر عام تعطیل حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں اور ہم ان کی ریاست کے اعزاز، فخر اور شان کو بھی دوبارہ حاصل کریں گے‘‘۔مہاراجہ کے پوتے اور سابق وزیر اجات شترو سنگھ اور مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین بھی اس ریلی میں شامل ہوئے جو شہر کے مختلف علاقوں سے گزری۔ شرکاء نے روایتی لباس زیب تن کیے اور تلواریں لہرائیں، مہاراجہ اور ملک کی تعریف میں نعرے لگائے۔لیڈرنے کہا’’ہم چاہتے ہیں کہ مرکز ریاست کا درجہ بحال کرے اور ڈوگرہ پگڑی اور تلوار کا احترام کرے‘‘۔لیڈر نے دھمکی دی کہ اگر ریاست کا درجہ دینے میں مزید تاخیر کی گئی تو بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جائے گا۔