عظمیٰ نیوزسروس
جموں/ / لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کو اُن کے یوم وصال پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔اُنہوں نے گاندھی گلوبل فیملی جموں و کشمیر کی جانب سے منعقدہ پُروقار تقریب میں شرکت کی اور مجاہدین آزادی، شہیدأ، سماجی کارکنوں اور این جی اوز ارکان کے اہل خانہ کو قوم کی تعمیر میں ان کی مثالی خدمات کے لئے اعزاز سے نوازا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا’’مہاتما گاندھی جی کے اصول ایک نئے جموں کشمیر کی تشکیل کر رہے ہیں جو تین دہائیوں سے زیادہ عرصے سے تشدد اور دہشت گردی کا شکار ہے۔ باپو کے نظریات پر عمل کرتے ہوئے جموں و کشمیریوٹی آج اَمن، ہم آہنگی اور بھائی چارے کی سرزمین کے طور پر اپنی نئی شناخت بنا رہا ہے۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی کے بھجن، ان کا سچائی، عدم تشدد، سادگی اور تمام انسانوں کی مساوات کا پیغام لوگوں میں ایک نیا شعور پیدا کر رہا ہے۔
اُنہوں نے مزید کہاکہ باپو کے نظریات کو جموںوکشمیر یوٹی میں پھیلانے کے لئے وقف سالانہ شانتی یاترا لوگوں کو اَمن اور اِتحاد کی طرف راغب اور رہنمائی کر رہی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی جی باپو کے خود کفیل گاؤں اور بااِختیار دیہی ہندوستان کے خواب کو پورا کر رہے ہیں۔اُنہوں نے کہا ’’ نوجوانوں، خواتین، کسانوں اور سماج کے پسماندہ طبقے کو بااِختیار بنانے کو یقینی بنایا ہے۔‘‘اِس موقعہ پر صدر گاندھی گلوبل فیملی جموں و کشمیرپدم شری ڈاکٹر ایس پی ورما، الیکشن کمشنر جموں و کشمیر بی آر شرما، سینئر اَفسران، سابق فوجی، شہدأکے اہل خانہ اور مجاہدین آزادی، ممتاز شہری، سماجی کارکن اور نوجوان موجود تھے۔اِس سے قبل سول سیکرٹریٹ میں بابائے قوم اور ہندوستان کی آزادی کی جدوجہد میں عظیم قربانی دینے والے شہدأ کے احترام میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔