عظمیٰ نیوزسروس
کپوارہ//کپوارہ میں محکمہ زراعت وکسان بہبود نے ’مگس بانی تبدیلی‘ موضوع پرایک سمینار کاانعقاد کیا۔ اس موقعہ پرضلع کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر الطاف احمدخان اورڈائریکٹر زراعت چودھری اقبال موجود تھے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرڈیولپمنٹ نے اس موقعہ پرکہا کہ کپوارہ میں وسیع قدرتی وسائل پائے جاتے ہیں جن میں جنگلات بھی شامل ہیں،جوزراعت سے منسلک شعبوں جیسے مگس بانی کیلئے انتہائی مفیدماحول فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے کسانوں سے کہا کہ وہ مگس بانی کواپنائے اوراس سلسلے میں سرکارکی طرف سے تربیتی پروگراموں میں تربیت حاصل کرکے مختلف سکیموں کے تحت مالی مددسے اپنے لئے آمدن کے وسائل پیدا کریں۔ناظم زراعت نے اس موقعہ پرشرکاء کاخیرمقدم کرتے ہوئے افسروں سے کہا کہ وہ کسانوں کی اس سلسلے میں رہبری کریں تاکہ وہ مگس بانی کوسمجھ سکیں اور مگس بانی کو اپنائیں۔انہوں نے کہا کہ مگس بانی سے جڑے لوگوں کی کافی کامیاب کہانیاں ہیںجو کسانوں کو اس کی طرف راغب کرسکتی ہیں۔اسموقعہ پرچیف ایگریکلچرافسر کپوارہ نے کہا کہ سمینار کامقصدضلع میں مگس بانی کوتجارتی بنیادوں پرفروغ دینا ہے۔