سرینگر // نیشنل کانفرنس کار گذار صدر اورسابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھاجپا پر جوابی وار کرتے ہوئے کہا ہے کہ الحاق کی دستاویز، جس کی وجہ سے ریاست جموں و کشمیر بھارت کا حصہ بن گئی، میں تین چیزیں کرنسی،مواصلات،دفاع/خارجہ امور کے بغیر تمام اختیارات ریاست کے پاس تھے۔وہ وزیر مملکت داخلہ امور ہنس راج اہیر کے بیان پر رد عمل ظاہر کررہے تھے، جنہوں نے کہا ہے کہ الحاق کی رو سے پاکستانی زیر انتظام کشمیر بھارت کا حصہ ہے لیکن اس پر پاکستان کا ناجائز قبضہ ہے۔عمر نے کئی ٹویٹ کرتے ہوئے کہا’’ آپ ٹکڑوں میں الحاق کی وہ شقیں نہیں اٹھا سکتے، جو بھاجپا کی سیاست کے موافق ہوں اور الحاق میں شامل دیگر اہم باتوں سے خود کو بری الزمہ قرار دیں‘‘۔عمر نے کہا’’ جو کوئی بات انہیں موافق لگتی ہے تو وہ مہاراجہ ہری سنگھ کی طرف سے کئے گئے الحاق کا حوالہ دیتے ہیں، الحاق کے اس حصہ سے متعلق بھی کچھ کہا کریں جس میں ریاست کی مکمل خود مختاری کی بات کہی گئی ہے‘‘۔