کپوارہ//شمالی ضلع کپوارہ کے مژھل سیکٹر میں حد متارکہ کے نزدیک قائم ایک فوجی کیمپ میں آتشزدگی کے واقعے میں بھاری پیمانے پر تباہی ہوئی ہے جبکہ کیمپ میں آگ کی وجہ سے بارودی مواد پھٹ جانے سے پورا علاقہ لرز اٹھا ۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ منگل کی دوپہر کو مژھل سیکٹر کے دودھی علاقہ میں قائم 45راشٹریہ رائفلز کے کیمپ میں اچانک آ گ نمو دار ہوئی جس نے فوری طور پورے کیمپ میں قائم بارکو ں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے بعد کیمپ میں افرا تفری مچ گئی اور فوج کے علاوہ مقامی لوگو ں نے آگ پر قابو پانے کے لئے بچائو کاروائی شروع کی ۔کیمپ میں آگ نموادر ہونے کے ساتھ ضلع انتظامیہ کو خبر دی گئی جس کے بعد کلاروس ،کلی گام اور کپوارہ سے فائر ٹینڈر مژھل کے لئے روانہ کئے گئے ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ آگ اس قدر بھیانک تھی کہ کیمپ میں آگ کی وجہ سے بارودی مواد پھٹ جانے سے پورا علاقہ لرز اٹھا اور لوگ اپنے گھرو ں سے باہر آگئے ۔ ذرائع کے مطابق اسلحہ ڈیپو بالکل محفوظ ہے اور اس کو آگ سے بچایا گیا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ کی اس واردات میں فوجی کیمپ کی کئی عمارتوں کے علاوہ ایک درجن سے زائد بارکیں تباہ ہوگئی ہیں جبکہ ان میں ضروری سازو سامان بھی راکھ کی ڈھیر میں تبدیل ہو گیا ۔ذرائع کا کہنا ہے بچائو کاروائی کے دوران تین فوجی اہلکار جھلس کر زخمی ہوگئے ۔بتا یا جاتا ہے کہ آگ بجلی کے شاٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ۔