کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے دور داز علاقہ مڑواہ کے عوام نے مبینہ الزام لگایا ہے کہ سرکاری دفاتر میں ملازمین باقاعدگی سے اپنے فرائض انجام نہیں دیتے ہیں۔ان لوگوں نے کہا ہے کہ مڑواہ اور واڑ ون کا عوام سکولوں میں اساتذہ کی حاضری ،ہیلتھ سنٹروںمیں ڈاکٹروں اور نیم طبی عملہ کی حاضری ،محکمہ دیہی ترقیات، امور صارفین و رسدات محکمہ، پی ایچ ای اور آر اینڈ بی محکمہ میں سپروائزروں و دیگر عملہ کی عدم دستیابی کی وجہ سے کافی مصائب کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان لوگوں نے شکایت کی کہ ان دور دراز علاقوں میں قائم تمام پرائمری ،مڈل اور ہائر سیکنڈری سکول بغیر تدریسی عملہ کے کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان علاقوں کے مریضوں کو فسٹ ایڈ تک مہیا نہیں ہوتا ہے ،جسکی وجہ سے انکو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے ان لوگوں نے کہا کہ ہم نے یہ مسائل کئی بار ضلع انتظامیہ اور مقامی قانون ساز ممبران کے ساتھ اُٹھائے ہیں ۔ تاہم مڑواہ، واڑ ون ،اور دچھن میں غیر حاضری کا کلچر عروج پرہے۔ان لوگوں نے تمام سرکار ی دفاتر میں غیر حاضر ملازمین کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔میڈیا نے جب یہ مسئلہ ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر کشتواڑ کشوری لعل کے ساتھ اٹھایا ،تو انہوںنے یقین دلایا کہ وہ ان شکایات پر کاروائی کریں گے۔انہوںنے کہا کہ ضلع کے ترقیاتی کمشنر غلام نبی بلوان ایک ہفتہ کے اندر بذات خود ان علاقوں کا دورہ کریں گے۔