عظمیٰ نیوز سروس
جموں//صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار نے شری مچل ماتا یاترا 2024 کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے آفیسران کی ایک میٹنگ کی صدرات کی ۔میٹنگ میں ڈائریکٹر ٹورازم، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں،پی ایم جی ایس وائی ،پی ڈبلیو ڈی اور جے پی ڈی سی ایل کے چیف انجینئرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران صوبائی کمشنر نے موضوع پر تفصیلی بات چیت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کے ذریعے شروع کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔صوبائی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ یاترا کیلئے پریشانی سے پاک نقل و حرکت کے لئے سڑکوں کے رابطے اور یاترا ٹریکس کو برقرار رکھنے کے لئے پیشگی اقدامات کریں، ہیلی سروسز، یاترا کے راستے میں سہولیات، لنگر کے انتظامات، موبائل کنیکٹیویٹی، ٹریفک مینجمنٹ، بجلی، پینے کا پانی اور طبی سہولیات کیساتھ ساتھ سیکورٹی کے انتظامات کریں۔ انہوں نے ماحولیاتی لحاظ سے حساس خطے کی صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیا۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر سے کہا کہ وہ یاتریوں کے لئے تمام ضروری سہولیات کے ساتھ یاتری نواس کے کام کو یقینی بنائیں۔آفیسر موصوف نے مقدس مندر سے ملحقہ تعمیرات کی مضبوطی اور جاری کاموں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ جے پی ڈی سی ایل مقدس یاترا کے دوران بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ایک نیا ٹرانسفارمر نصب کر رہا ہے۔ڈائرکٹر ہیلتھ سروسز نے ڈی وی کام کو کشتواڑ میں صحت کی سہولیات کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہیں مشیل میں روٹیشنل بنیادوں پر ادویات، پیرا میڈیکس اور ڈاکٹروں کی دستیابی برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی۔تمام عہدیداروں سے کہا گیا کہ وہ شری مچل ماتا یاترا کے آغاز سے پہلے اپنے اپنے محکموں کے جامع انتظامی منصوبے پیش کریں۔چیف انجینئر پی ڈبلیو ڈی کو ہدایت دی گئی کہ وہ پدر مچل کا دورہ کرکے شری مچل ماتا یاترا کے یاتریوں کی سہولت کے لیے جاری کاموں کا جائزہ لینے کے بعد رپورٹ پیش کریں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ کاموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔عقیدت مندوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد کو متوجہ کرنے کے لئے عقیدت مندوں کے لئے دستیاب ضروری معلومات اور سہولیات کے بارے میں وسیع پیمانے پر تشہیر شروع کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ محکمہ سیاحت کو آڈیو، پرنٹ اور ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے شری مچل ماتا یاترا کو فروغ دینے اور اہم مقامات پر فلیکس لگانے کیلئے ایک جامع تشہیری مہم شروع کرنے کا کام سونپا گیا تھا۔پڈرکشتواڑ میں سالانہ مقدس یاترا کرنے والے عقیدت مندوں کو خطے کے قریبی سیاحتی مقامات کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ایس ڈی آر ایف، فائر ٹینڈرز کی ٹیموں کو تعینات رکھنے کیلئے بھی ہدایات جاری کی گئیں۔ ایس ایس پی کشتواڑ نے ڈی وی کام کو مقدس یاترا کے لئے ٹریفک اور حفاظتی انتظامات سے آگاہ کیا۔