عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// زرعی یونیورسٹی میں ’’مویشیوں کی پرورش کے طریقوں میں چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے مالیکیولر اور دیگر تشخیصی تکنیکوں سے واقفیت‘‘ کے موضوع پر ایک ہفتہ کے ورکشاپ کا افتتاح کیا گیا۔ورکشاپ کا اہتمام یونیورسٹی کے ویٹرنری شعبہ شہامہ نےDST SERBکی اسکیم کے تحت کیا ہے۔ تربیتی پروگرام میں ملک بھر سے 25 سے زائد نوجوان، پوسٹ گریجویٹ اور پی ایچ ڈی سکالر حصہ لے رہے ہیں۔ویٹرنری فزیالوجی کے سربراہ پروفیسر زیڈ اے پامپوری، جو ورکشاپ کے کنوینر ہیں، نے مویشیوں کو پالنے کے طریقوں میں چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تشخیصی تکنیک کی تربیت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ شرکاء اور فیکلٹی ممبران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے جانوروں اور ان کی صحت کے مسائل سے متعلق مختلف مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ ڈین ایف وی ایس سی پروفیسر ایم ٹی بندے نے مویشی پالنے کے طریقوں میں چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے مالیکیولر اور دیگر تشخیصی تکنیکوں پر گفتگو کی۔