کٹھوعہ//کٹھوعہ کے ہیرا نگر علاقے میں تشدد پر آمادہ ہجوم نے مویشیوں کی سمگلنگ کے الزام میں ایک ٹرک کو نذر آتش کردیا جس کے بعد علاقے میں حالات کشیدہ ہوئے۔پولیس کوصورتحال قابو میںلانے کیلئے ٹیئرگیس شلنگ اورلاٹھی چارج کرناپڑا جس کے نتیجہ میںچار افراد زخمی ہوئے ۔ اس دوران مظاہرین نے جموں پٹھانکوٹ شاہراہ پر احتجاج کرتے ہوئے کچھ وقت تک کیلئے گاڑیوں کی آمدورفت بھی روک دی ۔ پولیس نے بتایاکہ صبح 10بج کر 50منٹ پر 200سے 250افراد پر مشتمل پر ایک گروپ نے رام لیلا گرائونڈ کے نزدیک پتھوال کے مقام پر ٹرک زیر نمبر JK02AE -2637جس میں 8 گائے اور بھینسیں لدھی ہوئی تھیں ، کو روک کر مویشی باہرنکالنے کے بعد گاڑی نذر آتش کردی ۔پولیس کے مطابق ٹرک ڈرائیور اور کنڈیکٹرہجوم کو دیکھتے ہی جان بچاکر بھاگ گئے اور ابھی تک یہ معلوم نہیںہوسکاہے کہ یہ مویشی قانونی طوریا غیر قانونی طور پر منتقل کئے جارہے تھے۔ لیکن مظاہرین نے مویشی سمگلنگ کا الزام عائد کرتے ہوئے مین روڈ پر دھرنا دے کر گاڑیوں کی آمدورفت معطل کردی اور مطالبہ کیاکہ ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے پولیس کو موقعہ پربھیجاگیا تاہم مظاہرین نے نہ صرف احتجاج ختم کرنے سے انکار کیابلکہ دیالہ چک کے مقام پر جموں پٹھانکوٹ شاہراہ کو بند کرنے کی کوشش بھی کی جس پر پولیس نے انہیں منتشر کرنے کیلئے ٹیئرگیس اور لاٹھی چارج کا استعمال کیا ۔پولیس کے ساتھ تصادم میں چار افراد معمولی زخمی ہوئے ۔پولیس نے بتایاکہ حالات کشیدہ مگر قابو میں ہیں اور جموں پٹھانکوٹ شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت بھی معمول کے مطابق جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایاکہ اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔اس دوران ایس ایس پی کٹھوعہ شری دھر پاٹل بھی موقعہ پر پہنچے اور انہوں نے مظاہرین کو یقین دلایاکہ مویشی سمگلنگ میں ملوث افراد کو گرفتار کیاجائے گا اور بغیر چیکنگ کے کسی بھی گاڑی کو لکھنپور عبور کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔دریں اثناء پولیس نے نزدیکی ضلع سانبہ سے مویشی سمگلنگ کے الزام میں دوا فراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کی تحویل سے19مویشی بازیاب کروانے کا دعویٰ کیاہے جو پولیس ترجمان کے مطابق غیر قانونی طور پر ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کئے جارہے تھے ۔پولیس ترجمان نے بتایاکہ امندیپ سنگھ ڈرائیور ساکن جموں کو پولیس نے گرفتار کرکے اس کی تحویل سے سولہ مویشیوں کو بازیاب کیاہے جنہیں وہ کٹھوعہ سے نوناتھ کی طرف لیجارہاتھا۔انہوںنے بتایاکہ امندیپ کے خلاف مویشیوں کو غیر قانونی طور پر منتقل کرنے پر کیس درج کیاگیاہے ۔ترجمان نے مزید بتایاکہ ایک دوسرے وا قعہ میں پولیس نے جموں کی ایک گاڑی سے گجر بستی ٹنڈا سے تین مویشیوں کو بازیاب کروایا اوراس کے ڈرائیور عبدالمجید کو گرفتار کرکے مزیدتحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔