اوڑی// اوڑی میںکنٹرول لائن کے قریب موٹھل نامی گائوں میںپرائمری ہیلتھ سنٹر کی عمارت 7 سال سے تشنہ تکمیل ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق اپریل 2011 میں اِس گائوں میں محکمہ صحت نے پرائمری ہیلتھ سنٹر کی عمارت تعمیر کرنے کا کام شروع کیا اور دسمبر میں نا معلوم وجوہات کی بناء پر کام روک دیاگیا ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ سات سال گزرنے کے دوران اس عمارت کودوبارہ کبھی کام شروع نہیں کیا گیا۔ مقامی لوگوں کے مطابق انہوں نے کئی بارمتعلقہ محکمہ کے علاوہ انتظامیہ کی نوٹس میں بھی یہ معاملہ لایا مگر کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گی۔ مقامی لوگوں نے ممبراسمبلی اوڑی محمد شفیع اوڑی سے اس ضمن میں مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اُن کا گائوں کنٹرول لائن پر واقع ہے اور آرپار گولہ باری کے دوران اکثر وبیشتر زد میں آتا ہے اور طبی سہولیات میسر نہ ہونے کی وجہ لوگوں کو اس دوران سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بلاک میڈیکل آفیسر اوڑی ڈاکٹر محمد رمضان نے اس ضمن میںکشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ محکمہ نے ٹرائبل سکیم کے تحت موٹھل میںسب سنٹر کیلئے عمارت تعمیر کرنے کو منظوری دی تھی اور محکمہ آر اینڈ بی یہ عمارت تعمیر کر رہا تھا مگر اس سکیم میں رقومات موجود نہ ہونے کی وجہ سے ٹھیکیدار نے کام ادھوراچھوڑ دیا ۔