سرینگر// شہر کے مومن آباد بائی پاس کے لوگوں اور دکانداروں نے بجلی کی آنکھ مچولی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شدید سردیوں میں برقی رو کی عدم دستیابی سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سرینگر سمیت وادی کے دیگر اضلاع میں بجلی کی آنکھ مچولی کے بیچ اتوار کو مومن آباد بائی پاس کے لوگوں نے بھی بجلی کی عدم دستیابی کی شکایت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ مشتہر شدہ شیڈول کا بھی پاس ولحاظ نہیں رکھتا۔ فردوس احمد نامی شہری نے بتایا کہ بجلی کی صورتحال سے انہیں سخت مشکلات میں مبتلا کیا ہے کیونکہ محکمہ کی جانب سے جہاں بجلی فیس وصولی میں سخت دبائو ہے،وہی بجلی کب آتی ہے اور کب چلی جاتی ہے،اس کا پتہ بھی نہیں چلتا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی عدم دستیابی سے بچوں کی پڑھائی بھی متاثر ہو رہی اور سردیوں میں لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ اس دوران مقامی دکانداروں نے بجلی کی عدم دستیابی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کا کہ بجلی کٹوتی کی وجہ سے تجارت میں سخت نقصانات ہو رہے ہیں۔ ٹریڈرس فیڈریشن مومن آباد بائی پاس کے اعجاز احمد شہدار نے کہا کہ دکانداروں اور نجی دفاتروں کو براہ راست بجلی کی عدم دستیابی کا خمیازہ اٹھانا پڑتا ہے۔ انہوں نے سرکار اور محکمہ بجلی کے حکام سے اپیل کی کہ وہ معقول اور شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کریں تاکہ تاجروں کو خسارے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔