سرینگر//وادی کشمیر کے ایک معروف اسلامی اسکالر اورجامع مسجد ہندوارہ کے سابق امام و خطیب مولوی منظور احمد کرمانی کٹھوعہ میں سڑک حادثے میںفوت ہونے پر سیاسی اور مذہبی تنظیموںنے رنج و غم کااظہار کیا ہے۔ میرواعظ محمد عمر فاروق نے موصوف کی ناگہانی موت پر مفتی نظام الدین ندوی اور دیگر لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے پسماندگان کیلئے صبر جمیل اور مرحوم مولوی منظور احمد کرمانی صاحب کی مغفرت اور جنت نشینی کیلئے خصوصی دعا کی۔جموں کشمیر مسلم پرسنل لاء بورڈ اور ادارہ شرعیہ اسلامیہ جموں کشمیر کا ایک مشترکہ اجلاس سرینگر میں منعقد ہوا جس میں بورڈ کے سیکریٹری منظور احمد کرمانی کے انتقا ل پر زبردست گہرے رنج وغم کا اظہار کیا گیا۔ مفتی اعظم مفتی ناصرالاسلام نے موصوف کی موت کو مسلم پرسنل لاء بورڈ کے لئے بالخصوص اور ملت کیلئے بالعموم ایک زبر دست نقصان قررا دیا۔ مفتی اعظم نے کہا کہ منظو ر کرمانی ہمیشہ عوام سے جڑے رہے اور عوامی مسائل کو بڑی نیک نیتی سے ا ْجاگر کرتے رہے۔ مرحوم کے ورثاء ، لواحقین اور علاقہ ہندوارہ کے تمام لوگوں سے مفتی اعظم نے ہمدردی کا اظہار کیا۔ جموں کشمیر اردو کونسل نے کونسل کے سیکریٹری اطلاعا ت جاوید حسین کرمانی کے برادر اکبر مولانا منظور احمد کرمانی کی سڑک حادثے میں ہوئی موت پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور غمزدہ خاندان بالخصوص جاوید حسین کرمانی کیلئے صبر کی دعا کی۔ کونسل کے صدر ڈاکٹر جاوید اقبال ، نائب صدور اعجاز احمد ککرو، پروفیسر حمید نسیم رفیع آ بادی اور ڈاکٹر مشتاق احمد گنائی، قانونی مشیر ایڈوکیٹ عبد الرشید ہانجورہ، سیکریٹری جنرل جاوید ماٹجی، سیکریٹری مالیات صوفی علی محمد، ممبران شبیر احمد ماٹجی، بلال فرقانی، ناظم نذیر اور دیگر ذمہ داران و ارکان نے سوگوار خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری نے گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موصوف ایک نامور عالم تھے جنہوں نے سماجی اور مذہبی خدمات انجام دینے میں ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے۔ بخاری نے مرحوم کی مغفرت اور سوگوار کنبے کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر چودھری محمد رمضان نے گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کے جملہ سوگواران کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ انہوں نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ موصوف نے زندگی بھر دین کی خدمت کی اور اُن کی رحلت سے دینی حلقوں میں ایک بہت بڑا نقصان ہے۔ جموں کشمیر سول سوسائٹی فورم کے چیئرمین عبدالقیوم وانی نے گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں کشمیر ایک بہت بڑے عالم سے محروم ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ موصوف کی سماجی اور مذہبی خدمات تادیر یاد کی جائیں گی۔معروف سماجی کارکن اور صدر اوقاف ہندوارہ غلام رسول بانڈے نے منظور احمد کرمانی کی حادثاتی موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منظور احمد کرمانی کی موت نے انہیں صدمے سے دو چار کیا اور ان کی کمی تا دیر محسوس ہوگی ۔ادھر کشمیر نیوز سروس کے مدیر اعلیٰ محمد اسلم بٹ نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ موصوف کو اُن کے ادارے کے ساتھ قریبی تعلقات تھے ۔انہوں نے مرحوم کے موت کو ایک بڑا نقصان قرار دیا ہے ۔محمد اسلم نے مرحوم اُن کے بلند درجات اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ کانگریس نے بھی معروف اسلامی اسکالر منظور احمد کرمانی کے حادثے میں جان بحق ہونے پر صدمے کا اظہار کیا۔پارٹی کے سنیئر لیڈر امتیاز احمد خان نے کہا کہ سینٹرل جیل سرینگر میں ان کے ساتھ بتائے گئے لمحے ان کیلئے زندگی بھر یادگار ہونگے۔اس دوران علمائے احناف کے سربراہ مولانا اخضر حسین بھی منظور کرمانی کی حادثاتی موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کو ایک اعلیٰ پایہ عالم الدین قرار دیا۔