عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ڈویژنل کمشنر کشمیر، انشول گرگ نے اننت ناگ کا دورہ کیا اور ڈاک بنگلہ خانابل میں متعلقہ افسران کے ساتھ ایک جامع میٹنگ میں ضلع میں مختلف سرکاری اسکیموں اور فلاحی اقدامات کے نفاذ کے ساتھ ساتھ آنے والے موسم سرما کے لیے ترقیاتی منظر نامے اور تیاریوں کا جائزہ لیا۔ڈی سی نے مجموعی ترقیاتی منظرنامے اور فلاحی اسکیموں کے علاوہ مشن یووا، این ایم بی اے، ٹی بی مکت بھارت ابھیان، ایچ اے ڈی پی، پی ایم ایس جی ایم بی وائی اور جے کے سمدھان جیسے اہم اقدامات پر ضلع کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔انہوں نے چیئر کو صحت، تعلیم، آر ڈی ڈی، آر اینڈ بی، پی ایچ ای، پاور اور دیگر اہم شعبوں میں جاری بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے ساتھ سماجی تحفظ، مالیاتی شمولیت اور مستفید ہونے والی اسکیموں کی صورتحال سے آگاہ کیا۔صوبائی کمشنر نے زور دیا کہ موسم سرما کی موثر تیاری کے لیے بین ڈپارٹمنٹل کوآرڈینیشن اور پیشگی انتظامات ناگزیر ہیں اور آئندہ موسم سرما کے دوران کسی بھی صورت حال کا فوری جواب دینے کے لیے معلومات کا بغیر کسی رکاوٹ کا بہاؤ بہت ضروری ہے۔انہوں نے ونٹر کنٹرول رومز کو مکمل طور پر فعال بنانے اور ان کے روسٹرز کو اپ ڈیٹ کرنے کے ساتھ ساتھ تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو موثر آپریشن کے لیے ان کے ساتھ تعاون کرنے کی ہدایات جاری کیں۔گرگ نے متعلقہ سول محکموں اور سیکورٹی فورسز، پولیس اور ایس ڈی آر ایف یونٹوں کے درمیان خاص طور پر ہنگامی حالات کے دوران حقیقی وقت اور علاقے کی سطح پر تال میل بڑھانے پر بھی زور دیا۔صوبائی کشمیرنے متعلقہ افسران کو ٹرانسفارمرز، راشن، ایندھن اور ایل پی جی کے مناسب ذخیرہ کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ سردیوں کے موسم میں عوام کو کسی قسم کی تکلیف یا اشیائے ضروریہ کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔میٹنگ میں ڈائریکٹر ہارٹیکچر مارکیٹنگ غلام جیلانی زرگر اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔