عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر// خوراک، شہری رسدات اور امور صارفین کے وزیر ستیش شرما نے یہاں ایک تفصیلی جائزہ میٹنگ منعقد کی جس میں سردیوں کے دوران کشمیر میں اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے ایف سی ایس اینڈ سی اے محکمہ کی مجموعی تیاریوں کا جائزہ لیاگیا۔میٹنگ میں وزیر نے پچھلے سال اکتوبر کے مہینے کے دوران غذائی اجناس کی ڈمپنگ پوزیشن کا موجودہ صورتحال کے مقابلے میںتقابلی تجزیہ طلب کیا اور ہدایت دی کہ برف سے ڈھکے ہوئے اور دور دراز علاقوں میں غذائی اجناس کا مناسب ذخیرہ پہلے سے اچھی طرح سے رکھا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کم از کم چھ ماہ کی عوامی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ذخیرہ کافی ہونا چاہیے۔ستیش شرما نے ایل پی جی سمیت پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ موسم سرما کے آغاز سے قبل دور دراز علاقوں میں مناسب سٹاک کے ذخیرہ کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ایل پی جی اور مٹی کے تیل کی سپلائی کو ترجیح دی جانی چاہیے ۔سمارٹ پی ڈی ایس کے کام کاج کا جائزہ لیتے ہوئے، وزیر نے اس سے حاصل ہونے والی شفافیت اور کارکردگی کے فوائد کو تسلیم کیا لیکن اس کے نفاذ سے متعلق عوامی شکایات کا سنجیدگی سے نوٹس لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صارفین کے مسائل کو فوری حل کرنے کے لیے ضلعی سطح پر مخصوص شکایات کے ازالے کے سیل کو مضبوط کیا جائے۔