مظفرآباد//بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی بھارت کے زیرانتظام کشمیر سمیت پاکستانی زیر انتظام آزادکشمیر بھرمیں احتجاجی مظاہرے، جلسے جلوس ریلیوں کا انعقادہوا ۔ دارالحکومت مظفرآباد میں حزب المجاہدین کے زیر اہتمام سے برہان مظفر وانی چوک میں احتجاجی مظاہرہ ہوا جس میں سینکڑوں مہاجرین و انصار نے شرکت کی اور بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں نعرے بازی کی۔ احتجاجی مظاہرے سے حزب المجاہدین کے مرکزی کمانڈر ملک محمد عبداللہ، کمانڈر طاہر اعجاز، ڈپٹی سپریم کمانڈر شمشیر خان، ناظم حزب المجاہدین محمد اصغر رسول، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستانی زیرانتظام آزادکشمیر شیخ عقیل الرحمان ، پاسبان حریت چیئرمین عزیر احمد غزالی، قاضی شاہد حمید ایڈووکیٹ نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ بھارتی زیر انتظام کشمیر ایک متنازعہ ریاست ہے جسے اقوام متحدہ سمیت عالمی ادارے متنازعہ تسلیم کرتے ہیں اوربھارت نے 1947 ء میں افواج کے ذریعے ریاست پر قبضہ کیااورپوری ریاست کو فوجی طاقت کی بنیاد پر ایک جیل میں تبدیل کردیا ہے۔ مقررین نے نریندر مودی ، بی جے پی کو جنوبی ایشیاء کے امن کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے خطے میں بسنے والے کروڑوں لوگوں سے اس انتہاء پسند جماعت اور مودی کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ جب تک انتہاء پسند ہندو اقتدار میں ہیں نہ صرف مسلمان بلکہ دیگر مذاہب کے عوام کیلئے بھی خطرہ ہیں۔ شرکاء ریلی نے آزادی کے حق میں اور بھارت مخالف شدید احتجاج کیا گیا، برہان مظفر وانی شہید چوک سے ریلی کا انعقاد کیا گیا جو گھڑی پن چوک میں اختتام پذیر ہوئی۔