نئی دہلی// کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے بے روزگاری کو موجودہ وقت کا سب سے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے آج الزام لگایا کہ مودی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے اس پر روک نہیں لگ رہی ہے اور یہ ملک کے سامنے سب سے بڑا بحران ہے ۔ مسٹر گاندھی نے 'نیشنل ہیرالڈ' کو دیے ایک انٹرویو میں کہا کہ بے روزگاری آج قومی چیلنج بن گئی ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے روزگار سے متعلق نوجوانوں کو خواب دکھائے تھے .۔ان کا ہر جملہ اسی سے شروع ہوتا تھا کہ وہ ہر سال دو کروڑ نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کریں گے لیکن اب ملک کا بے روزگار نوجوان ان سے یہی سوال کر رہا ہے کہ ان کے وعدے کا کیا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگاری دنیا کے لئے بھی چیلنج ہے اور چین اس چیلنج سے بخوبی نمٹ رہا ہے ۔ چین دنیا میں سب سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے والا ملک بن گیا ہے ۔ وہاں گزشتہ پانچ سال کے دوران ہر سال تقریبا سوا کروڑ لوگوں کو روزگار کے مواقع مل رہے ہیں لیکن ہندستان اور مغربی ممالک اس چیلنج سے نمٹنے کے لئے سنجیدہ نظر نہیں آ رہے یں۔کانگریس نائب صدر نے الزام لگایا کہ ہندستان میں مودی حکومت کی حکمرانی میں سب سے زیادہ لوگ بے روزگار ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مسٹر مودی نے ملک کو سب سے زیادہ بے روزگاری دی ہے ۔ یہ حکومت ہر سال ایک یا دو لاکھ لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع دے رہی ہے جو ہندوستان جیسے وسیع ملک کے لئے کافی نہیں ہے ۔ بے روزگاری سے ملک میں سماجی بدامنی پھیلنے اندیشے سے متعلق سوال پر مسٹر گاندھی نے کہا کہ اس طرح کا کوئی خطرہ تو نہیں ہے لیکن بے روزگاری نے ملک کو مشکل صورت حال میں لا کر کھڑا کر دیا ہے ۔ نوجوان روزگارکی تلاش میں اور اچھی زندگی کی چاہ میں گا¶وں سے شہروں اور قصبوں کی جانب بھاگ رہے ہیں لیکن روزگار کے معاملے میں انہیں وہاں مایوسی ہی ہاتھ لگ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان جب روزگار کی تلاش میں شہر میں آتا ہے تو اس کا گا¶ں اور اس کا معاشرہ پیچھے چھوٹ جاتا ہے ۔