حیدرآباد//صدر کُل ہند کانگریس کمیٹی راہل گاندھی نے کہا ہے کہ مرکز میں اگلی حکومت کی تشکیل پر کانگریس پارٹی غربت کے خلاف سرجیکل اسٹرائیک کرے گی، نہ کہ غریبوں کے خلاف، جیسا کہ وزیراعظم مودی نے کیا ہے ۔ صدر کانگریس راہل گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی کو ملک کا نہیں بلکہ امیروں کا چوکیدار قرار دیا۔ انھوں نے آج تلنگانہ کے ظہیرآبا دمیں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے الزام لگایا کہ مودی ملک کے 15 امیر ترین افراد کے چوکیدار ہیں۔ انھوں نے الزام لگایا کہ ان کے اقدامات سے امیر ترین افراد کو ہزاروں کروڑ روپئے کا فائدہ پہنچایا۔ کانگریس سربراہ نے کہا کہ مودی ہر سال 2 کروڑ ملازمتوں کی فراہمی اور غریبوں کے بینک اکاؤنٹ میں 5 لاکھ روپئے جمع کروانے کے وعدہ کو پورا کرنے میں بھی ناکام رہے ۔ انھوں نے اقل ترین آمدنی کی طمانیت والی اسکیم کے تحت غریب ترین خاندانوں کو سالانہ 72 ہزار روپئے فراہم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس اسکیم سے ملک کی غربت کا خاتمہ ہوگا۔ راہل گاندھی نے تلنگانہ کے ونپرتی ضلع اور نلگنڈہ ضلع کے حضورنگر میں بھی جلسہ عام سے خطاب کیا۔ نلگنڈہ سے صدر تلنگانہ کانگریس اُتم کمار ریڈی مقابلہ کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ میں 11 اپریل کو ہونے والے لوک سبھا انتخابات کانگریس اور ٹی آر ایس کے درمیان نہیں بلکہ مودی اور راہل کے درمیان ہے ۔ حضورنگر میں راہل گاندھی نے ریاست کے فلورائیڈ سے متاثرہ ضلع نلگنڈہ میں خالص اور محفوظ پینے کا پانی فراہم نہ کرنے پر انھوں نے تلنگانہ کے وزیراعلیٰ چندرشیکھر راؤ پر شدید نکتہ چینی کی۔ انھوں نے کہا کہ مشن بھاگیرتا ایک ناکام اسکیم ہے ۔ انھوں نے عوام کو یقین دہانی کروائی کہ کانگریس کے برسراقتدار آنے پر فلورائیڈ سے متاثرہ علاقوں میں محفوظ اور صاف پینے کا پانی فراہم کیا جائے گا۔ ساتھ ہی ضلع میں فلورائیڈ متاثرین کے لئے سوپر اسپیشالیٹی اسپتال قائم کیا جائے گا۔یو این آئی۔