سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر اور سرینگر پالیمانی نشست سے پارٹی امیدوار ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ بھاجپا اور آر ایس ایس نے اپنے عزائم کو پورا کرنے کیلئے کشمیر میں اپنے آلہ کاروں کو کام پر لگا رکھا ہے اور طاقت و پیسے کے بلبوتے پر اپنے منصوبوں کو عملی جامہ پہنچانے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے کہا تھا کہ وہ ملک کو خوشحال اور مضبوط بنائیں گے لیکن وہ نہ تو ملک کوخوشحال بنا سکے اور نہ مضبوط ، آج نہ ملک کا ہندو خوش ہے نہ مسلمان اور نہ سکھ، یہی وجہ ہے کہ بھاجپا والے دیگر تمام معاملات سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان کیخلاف حملے کی تشہیر بازی کررہے ہیں۔ بٹہ مالومیں اپنی انتخابی مہم کے دورا ن خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ بھاجپا والے آج رام مندر اور دیگر معاملات کو بھول گئے ہیں، مودی جی آج یہ جتلانے کی کوشش کررہے ہیں کہ ’’میرا جیسا کوئی نہیں، میں نے پاکستان پر حملہ کیا ‘ اور اسی کی تشہیر کی جارہی ہے۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ تمام محاذوں پر ناکامی کے بعد عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے مودی جی نے پاکستان کا محاذ کھول دیااور کہتے ہیں کہ میں نے پاکستان کی کمر توڑی لیکن حقیقت پوری دنیا کو معلوم ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے یہ لوگ 35اے اور دفعہ370کیخلاف بیان بازی کررہے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ آر ایس ایس اور بھاجپا کے عزائم صحیح نہیں، یہ لوگ جموں وکشمیر کے تشخص کو ختم کرنا چاہتے ہیں اور مسلمانوں کی بنیاد کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ اپنے عزائم کو پورا کرنے کیلئے ان لوگوں نے کشمیر میں اپنے آلہ کاروں کو کام پر لگا رکھا ہے اور طاقت و پیسے کے بلبوتے پر اپنے منصوبوں کو عملی جامہ پہنچانے کیلئے کوشاں ہیں۔ڈاکٹر فاروق نے کہا ’’ آپ ایڈوانی کا حال دیکھئے، آج اْسے الیکشن لڑنے کیلئے ٹکٹ بھی نہیںملی، یہ وہی ایڈوانی ہے جو کبھی فرقہ پرستوں کے بانی ہوا کرتے تھے ،لیکن اوپر والے نے اْسے اسی دنیا میں سزا دی‘‘۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ جو شخص بھی انسانیت کیخلاف کام کریگا اْس کو دنیامیں ہی اْس کا انجام بھگتنا پڑے گا۔