نئی دہلی// کانگریس نے ہفتے کے روز وزیراعظم نریندر مودی پر اصل مسائل سے بچنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیاسی فائدہ اٹھانے کے لیے عوام کے جذبات سے کھیل رہے ہیں۔ کانگریس کے قد آور رہنما آنند شرما نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک خصوصی پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیر اعظم گذشتہ پانچ برس کے دوران اپنے حکومت کے کارنامے پر بات کرنے سے بچ رہے ہیں۔ ان کے دور اقتدار میں ہندوستانی معیشت ڈگمگا گئی اور تمام اشارے اس کی گواہی دے رہے ہیں۔ برآمد کی سطح پر 2014 کے برابر ہے اور (غیر ملکی ڈائریکٹ سرمایہ کاری) ایف ڈی آئی گھٹ رہی ہے ۔ نوجوانوں کے لیے روزگار نہیں ہے اور معاشی طور پر تعمیر نہیں ہے ۔ کارخانے بند ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی اپنی تقریروں میں ان سلگتے مسائل پر بات نہیں کررہے ہیں بلکہ ‘ملک کی مضبوطی’ کی بات کررہے ہیں۔ ملک کامضبوط بننا ایک عملِ مسلسل ہے لیکن وزیراعظم نے خود کو ملک سمجھ لیا ہے ۔ مسٹر شرما نے بی جے پی پر انتخابات میں بے حساب پیسہ خرچ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جتنے وسائل کا استعمال لوک سبھا انتخابات میں ہورہے ہیں ان میں سے 90 فیصد پر بی جے پی کا قبضہ ہے ۔ انتخابات کا اعلان کرنے سے پہلے کروڑوں روپیے کے ایڈ میڈیا اداروں کو دیے گئے ہیں۔ یہ عوام کا پیسہ ہے جو ایک پارٹی کی شبیہ چمکانے میں خرچ کیا گیا ہے جس کا عوام کو کوئی بھی فائدہ نہیں ملا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کا تشہیری خرچ ہندوستان میں کام کررہی کئی ملٹی نیشنل کمپنیوں کے مشترکہ خرچ سے زیادہ ہے ۔ مسٹر شرما نے کہا کہ مودی کی معاشی پالیسیوں نے ملک کو مالی خسارے کے راہ پر ڈال دیا ہے ۔ حکومت قرضوں پر چل رہی ہے ۔ قرض پر چلنے والا کوئی ملک مضبوط نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی الیکشن تشہیر میں فوج کا استعمال کر رہے ہیں۔ کانگریس اسے پورے طور پر خارج کرتی ہے کہ ملک کا کوئی بھی شخص فوجی اقتدار نہیں چاہتا ہے ۔