عظمیٰ نیوز سروس
جموں //مودی حکومت نے معاشرے کے غریب اور پسماندہ طبقات کی ترقی کے لئے خود کو وقف کر دیا ہے۔ مودی حکومت نے تمام شہریوں کو سماجی انصاف، مساوات، احترام اور مساوی مواقع فراہم کرنے کے لئے کام کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار بھاجپا سنیئر لیڈر ست شرما نے پارٹی ہیڈ کوارٹر میں عوامی شکایت کا جائزہ لینے کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی حکمت عملیوں اور پالیسیوں نے بڑے پیمانے پر پسماندہ افراد کی مدد کی ہے۔ ان کی حکومت نے معاشی طور پر کمزور طبقات کے لئے دس فیصد ریزرویشن، مستفید ہونے والوں کو براہ راست بینیفٹ ٹرانسفر (DBT) فراہم کیا ہے، اور ائو بی سی کمیشن کو آئینی درجہ دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت نے اسی طرح ہر اس طبقے کو فائدہ پہنچایا ہے جس کو ان تمام سالوں میں توجہ کی ضرورت تھی۔ ست شرما نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کا خطہ خاص طور پر مرکز میں فیصلہ کن اور نتیجہ خیز حکومت سے مستفید ہوا ہے جس نے پورے خطے میں امن اور خوشحالی کی فضا قائم کی ہے۔اس دوران وجے پور، میران صاحب، ریہڑی، بخشی نگر، چنی ہمت، ستواری، گنگال، رام بن، بنتلاب اور دیگر علاقوں کے وفود نے بی جے پی ہیڈ کوارٹر سے رابطہ کیا تھا تاکہ وہ اپنی شکایات اور مسائل کو سابق وزیر ست شرما سے جلد از جلد نمٹانے کے لئے پیش کر سکیں۔ایک وفد نے شکایت کی کہ بار بار کی درخواستوں کے باوجود محکمہ کی جانب سے بجلی کا بل جاری نہیں کیا گیا اور بجلی اچانک منقطع کر دی گئی جس کی وجہ سے پریشانی ہو رہی ہے۔ وفود اور افراد نے ہائی ماسٹ لائٹس کی تنصیب، گلیوں اور نالوں کی مرمت، پینے کے پانی کی قلت، کٹرہ میں زمینی ریکارڈ کا طویل عرصہ سے التوا، ٹرانسفارمر کی اپ گریڈیشن اور دیگر مسائل بھی پیش کئے۔