سرینگر //نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سیکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ریاست میں موجودہ بے چینی ، مایوس کن حالات ،سیاسی بحران کسادبازاری ،سیاسی انتشار ،مالی بدحالی ، بگڑتی ہوئی امن قانون کے حالات بدمنی جیسے حالات کا سدھار اور ریاست میں امن قانون لوٹ آنے کا واحد راہ اور مستقل حل مسئلہ کشمیر کو پرامن بات چیت کے ذریعے کرنا ہے ۔ سرینگر میں پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر لگاتا ر گولہ باری ہو رہی ہے آر پار سرحدی آبادی کی قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہندپاک کے درمیان مظبوط اور خوشگوار تعلقات قائم ہونے سے ہی اس پر قابو پایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے ہندپاک سے اپیل کی کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بات چیت شروع کی جائے تاکہ ریاست میں حالات خوشگوار ہو سکیں ۔