گاندربل //منیگام سمبل بائی پاس پر بارسو کے مقام پر موجود فرنیشنگ کی دوکان اور اس میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا سامان دوران شب آتشزدگی کی ایک واردات میں خاکستر ہوگئی۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ دوران شب نظیر احمد میر ولد غلام احمد ساکن بارسو کی فرنیشنگ کی دوکان جو کہ بائی پاس بارسو میں موجود ہے ،سے آگ نمودار ہوئی اورآگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی مقامی شہری آگ بجھانے کی کارروائی میں جٹ گئے اور آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا۔ اس موقع پر فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کی آگ بجھانے کی گاڑیاں بھی موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پالیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میںدوکان اور اس میں موجود لاکھوں روپے مالیت کے قالین اور دیگر فرنیشنگ سامان خاکستر ہوگیا۔ پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کیلئے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔
صفاکدل آتشزدگان سے اظہار یکجہتی
دارالخیر میرواعظ منزل کی جانب سے امداد فراہم
سرینگر//دارالخیر میرواعظ منزل نے گزشتہ دنوں صفاکدل سرینگر میں آتشزدگی کے نتیجے میں پانچ رہائشی مکانات اور املاک و جائیداد کے نقصانات پر زبردست دکھ کا اظہار کیا ہے۔ایک بیان میںدارالخیرنے متاثرین کی باز آبادکاری اور امداد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔اس بیچ دارالخیرکے سرپرست اعلیٰ میرواعظ محمد عمرفاروق کی ہدایت پر ایک وفدنے مفتی غلام رسول سامون کی قیادت میںصفاکدل جاکر متاثرین میں چاول ، آٹا،کمبل اور کچن کٹ وغیرہ اور بنیادی ضروریات کی چیزیں بطور امداد پیش کیں اور ان کے ساتھ دارالخیر کی جانب سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔اس موقعہ پر دارالخیر نے یہ بات پھر دہرائی ہے کہ ملت کشمیر اس حقیقت سے باخبر ہے کہ دارالخیر میرواعظ منزل اپنے قیام کی مدت سے لیکر آج تک برابر اپنے مخلصین کی مالی اور جنسی معاونت سے برا بر بلا امتیاز مذہب و ملت متاثرین کی حتی المقدور امداد کرنے کی کوششوں میں مصروف عمل ہے۔اس ضمن میں دارالخیر میرواعظ منزل نے اہل ثروت حضرات سے ماضی کی طرح اس ادارے کی ہر ممکن مدد اور معاونت کی اپیل دہرائی ہے تاکہ امدادی کام جاری رکھا جاسکے۔