مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن ہیڈکوارٹر پر زیر تعمیر منی سیکریٹریٹ کی عمارت گزشتہ 10برسوں سے مکمل ہی نہیں ہو سکی جس کی وجہ سے اب زیر تعمیر ڈھانچہ کھنڈرات میں تبدیل ہو گیا ہے ۔مینڈھر کے مقامی لوگوں نے بتایا کہ جموں وکشمیر انتظامیہ کی جانب سے کروڑوں روپے خرچ کرنے کے بعد عمارت کو مکمل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں لی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ جموں وکشمیر انتظامیہ کے اعلیٰ آفیسران اور مشیروں نے مینڈھرکے اپنے دورے کے دوران لوگوں اور منتخب نمائندوں کو یقین دہانی کروائی تھی کہ ایک ہفتے کے اندر ہی فنڈز وگزار کروا کر عمارت کومکمل کرلیا جائے گا لیکن ان کے دوروں کو کئی ماہ گزرنے کے بعد بھی ڈھانچہ کھنڈرات میں ہی تبدیل ہوتاجارہا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ حکام کی جانب سے کروڑوں روپے خرچ کرنے کے بعد بھی عوام کو معیاری سہولیات فراہم ہی نہیں کی جارہی ہیں ۔غور طلب ہے کہ ڈھانچے کو مکمل کرنے کیلئے ضلع ترقیاتی کونسل ممبران اور بلاک ڈیولپمنٹ کونسل اراکین کی جانب سے بھی منی سیکریٹریٹ کی عمارت کو مکمل کرنے کیلئے کئی مرتبہ رجوع کیا گیا لیکن اس کے باوجود بھی بھی کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔مقامی معززین نے بتایا کہ عمار ت میں اس وقت سیکورٹی اہلکار رہائش پذیر ہیں لیکن عمار ت کی کھڑکیاں اور دروازے بھی بند نہیں کئے گئے ہیں ۔سب ڈویژن کی عوام نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ عمار ت کو جلداجلد مکمل کیا جائے تاکہ عوام و ملازمین کو معیاری سہولیا ت مل سکیں ۔