عشرت حسین بٹ
منڈی( پونچھ) //سرحدی ضلع پونچھ کی منڈی تحصیل میں ہوئے ایک المناک سڑک حادثے میں11 افراد جاں بحق جبکہ 27 دیگر زخمی ہوگئے۔مہلوکین میں دو کمسن بچے اور تین خواتین شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں سے 6کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے جنہیں گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں داخل کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ جون کے مہینے میں اسی مقام پر ٹاٹا سومو کو حادثہ پیش آیا تھا جس میں 5لوگ مارے گئے تھے۔پولیس نے بتایا کہ بدھ کی صبح منڈی سے ساوجیاں جانے والی ایک منی بس زیر نمبر JK12/1419 براری نالہ کے نزدیک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کرسڑک سے لڑھک گئی اور نیچے ایک گہری کھائی میں جا گری۔
پولیس نے مزید بتایا کہ گاڑی پونچھ سے سوجیاں گلی میدان کی طرف جاری تھی اور یہ مسافروں سے کچھا کھچ بھری ہوئی تھی۔ صبح کے ساڑھے 8بجے یہ حادثہ پیش آیا اور گاڑی نیچے 250فٹ گہری کھائی میں گرنے کے دوران بھاری پتھروں سے ٹکرا گئی جس کی وجہ سے زیادہ ہلاتیں ہوئیں۔حادثہ کے فوراً بعد فوج، پولیس اور مقامی لوگوں نے بڑے پیمانے پر بچاؤ کارروائی شروع کی اور مسافروں کو زخمی حالت میں باہر لایا۔تاہم 9مسافروں کی موقعہ پر ہی موت واقع ہوئی جبکہ 2زخمی اسپتال میں دم توڑ بیٹھے۔27زخمیوں کو اسپتال میں بھرتی کیا گیا جن میں 9افراد کو شدید چوٹیں آئی ہیں جن میں سے نازک حالت میں 6زخمیوں کو جموں میڈیکل کالج میں ائر لفٹ کیا گیا۔پولیس نے مہلوکین کی شناخت شاہدہ اختر زوجہ الطاف حسین ،عبدالکریم ولد شعبان ڈار ،زرینہ بیگم زوجہ محمد اشفاق ،محمد حسین ولد منگہ خان ،نسیم اختر دختر بشیر احمد ،عمران احمد ولد محمد الطا ف،عبدالقیوم ولد اکبر دین ،معروف احمد ولد منظور احمد میر ،بشیر احمد ولد مامدہ لون ،روضیہ اختر دختر مشتاق احمد کے طورپر ہوئی ہے ۔زخمیوں میں غلام مصطفیٰ،سمیر احمد ،عرم کوثر ،محمد آزاد ،حنیفہ بیگم ،لیاقت علی ،نازیہ اختر ،محمد اکبر ،محمد اقبال ،طارق احمد ،جمیلہ اختر ،سونیا،عبدالاحد،مختار احمد ،محمد اسماعیل ،عبدالمجید ،نازیہ اختر ،محمد عالم ،ناظمہ ،جسویندر سنگھ ،ثنا اللہ ،غلام محمد ،عادل احمد ،کامران احمد ،فرحان احمد ،ممتاز احمد،سلیمہ اختر اور فوزیہ بانو کے طورپر ہوئی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج و معالجے کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے مجموعی طور پر گیارہ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر اور وزیر اعظم کی مالی امداد
پونچھ /عشرت بٹ/لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا اور مرنے والوں کے لواحقین کے لیے 5 لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا۔ انہوں نے ٹویٹ میں کہا”سوجیاں، پونچھ میں ایک سڑک حادثے کی وجہ سے ہونے والے جانی نقصان پر افسوس ہے ،سوگوار خاندانوں سے تعزیت، زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا ہے، مرنے والوں کے لواحقین کو 5 لاکھ روپے دیے جائیں گے،پولیس اور سول حکام کو ہدایت کی کہ وہ زخمیوں کو بہترین علاج فراہم کریں،‘‘۔سنہا نے زخمیوں کی خیریت دریافت کرنے کے لیے اسپتال کا بھی دورہ کیا اور شدید زخمیوں کے لیے ایک لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا۔
انہوں نے ٹویٹ میں مزید کہا”آج المناک سڑک حادثے میں زخمی ہونے والے شہریوں کی صحت کے بارے میں دریافت کرنے کے لیے ضلع ہسپتال، پونچھ کا دورہ کیا۔ زخمیوں کا علاج کرنے والے لواحقین اور ڈاکٹروں سے ملاقات کی،6 شدید زخمیوں کو علاج کے لیے ہوائی جہاز سے جموں لے جایا گیا ہے، شدید زخمیوں کو ایک لاکھ روپے دیے جائیں گے،‘‘ ۔وزیر اعظم مودی نے ہر مرنے والوں کے لواحقین کو وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ سے دو لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 50,000 روپے کی مالی امداد کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے پی ایم او کے ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا’’پونچھ میں ایک حادثے میں جانوں کا ضیاع افسوسناک ہے،میرے جذبات ان تمام لوگوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا، زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا ہے۔ ہر مرنے والے کے لواحقین کو 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50ہزار روپے دیئے جائیں گے، “۔صدر جمہوریہ مرمو نے کہا، ” المناک سڑک حادثے میں جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے،میری دعائیں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں، زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش ہے۔‘‘ نائب صدر جمہوریہ دھنکھر نے ٹویٹ کیا: “جموں اور کشمیر کے پونچھ میں بس حادثے میں جانوں کے ضیاع کے بارے میں جان کر دکھ ہوا۔ سوگوار خاندان کے ارکان کے ساتھ میری گہری تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا ہے۔