عشرت حسین بٹ
منڈی//تحصیل منڈی میں محکمہ صحت کی جانب سے بدھ کے روز ’سوست ناری سوشکت پریوار‘ پروگرام کے تحت ایک بڑے طبی کیمپ کا اہتمام کیا گیا، جس کا افتتاح ممبر اسمبلی پونچھ اعجاز احمد جان نے انجام دیا۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں مقامی خواتین اور بچیوں نے شرکت کی اور ماہر ڈاکٹروں سے علاج و معائنہ کروایا۔محکمہ صحت کے مطابق یہ کیمپ خصوصی طور پر خواتین اور اڈولوسنٹ گرلز کے لئے منعقد کیا گیا تھا، جہاں ڈاکٹروں نے مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا اور ادویات فراہم کیں۔ کیمپ کے دوران ڈاکٹروں نے خواتین کو مختلف صحت مسائل کے بارے میں معلومات بھی دیں اور انہیں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیا۔ اس موقع پر آشا ورکرز اور آنگن واڑی ورکرز نے بھی فعال طور پر حصہ لیا۔واضح رہے کہ ’’سوست ناری سوشکت پریوار‘‘پروگرام حکومت کی جانب سے 17 ستمبر سے شروع کیا گیا ہے اور یہ مہم 2 اکتوبر تک جموں و کشمیر کے تمام اضلاع میں جاری رہے گی۔ اس پروگرام کا مقصد خواتین اور بچیوں میں صحت سے متعلق آگاہی پھیلانا اور بنیادی طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔کیمپ کے دوران خطاب کرتے ہوئے ممبر اسمبلی پونچھ اعجاز احمد جان نے محکمہ صحت کی اس کاوش کو سراہا اور چیف میڈیکل آفیسر پونچھ، بی ایم او منڈی اور ڈاکٹروں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے طبی کیمپس سے عوام کو بہت فائدہ پہنچے گا، بالخصوص حالیہ بارشوں کے بعد علاقے میں صحت سے جڑے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ اقدام وقت کی ضرورت تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ منڈی ہسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی کو جلد پورا کیا جائے گا اور مریضوں کی سہولت کے لئے نئی مشینری بھی نصب کی جائے گی تاکہ لوگوں کو دوسرے ہسپتالوں کا رخ نہ کرنا پڑے۔اعجاز جان نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ عمر عبداللہ اور وزیر صحت سکینہ یتو کی کوششوں سے ضلع پونچھ اور منڈی میں صحت کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات جاری ہیں اور عوام کو بنیادی طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے حکومت سنجیدہ ہے۔