سرینگر //ریاست میں منشیات مخالف مہم کے دوران پولیس نے رواں سال جولائی 2017تک وادی میں تقریباً90 سمگلروں کی گرفتاری عمل میں لا کر اُن سے بڑی مقداد میں ہیروئین ،چرس،فکی، شراب اور دیگر ادویات کی بھاری مقدار کوضبط کیا ہے ۔اس دوران علما ءکرام نے منشیات کی روک تھام کےلئے عوام میں شعور اُجاگر کرنے پر زور دیا ہے ۔پولیس ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سال رواںکے دوران ریاستی پولیس نے 90کے قریب ڈرگ اسمگلروں کو گرفتار کر کے سلاخوں کے پیچھے دکیل دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے 28فروری تک 53ڈرگ اسمگلروں کو گرفتار کیا تھا جن کی تحویل سے ایک کلو گرام ہیروین ،ایک کلو پانچ سو گرام براﺅن شوگر ،7925بوتلیں کوڈین،131237 نشہ آور ٹکیاں ،10.02کلو گرام چرس،40.3کلو گرام فکی ضبط کیا گیا۔ مارچ کے مہینے میں لار گاندربل میں پولیس نے480 گرام براﺅن شوگر ضبط کر کے تین افراد کی گرفتاری عمل میں لائی۔ اسی مہینے میں قاضی گنڈ میں ریلوے پولیس نے ٹرین سے ڈرگ اسمگلر کوگرفتار کرکے 1.5 کلو گرام چرس ضبط کیا۔ اسی ماہ کے دوران اننت ناگ پولیس نے دو منشیات فروش کو گرفتار کر کے اُن کے تحویل سے 15 بوتلیں کوڈین فاسفیٹ ضبط کر کے اُن کو سلاخوں کے پیچھے دکیل دیا۔اسی ماہ کے دوران اچھ بل میں پولیس ناکے کے دوران دو منشیات فروش کو گرفتار کرکے ا±ن کے قبضے سے پانچ کلو گرام چرس ضبط کر کے سمگلروں کی گرفتاری عمل میں لائی ۔ اپریل کے مہینے میں ریاستی پولیس نے پلوامہ میں تین اسمگلروں کی گرفتاری عمل میں لائی جن کی تحویل سے 47کوڈین بوتلوں کو ضبط کیا گیاجن کی لاگت لاکھوں روپے تھی ۔مئی کے مہینے میں کپوارہ پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے منشیات کے کارو بار میں ملوث کئی افراد کو حراست میں لیکر اُن کی تحویل سے 10کلو چرس ،1کلو ہیروئن اور3کلو براﺅن شوگر ضبط کیا ہے۔مئی کے مہینے میں ہی زکورہ پولیس نے 430گرام چرس ضبط کر کے ملزم کو گرفتار کیا ۔جولائی کے مہینے میں پولیس نے اننت ناگ میں ایک آٹو سے دو کلو پانچ سو گرام فکی ضبط کر کے دو سمگلروں کو گرفتار کر لیا ۔اسی ماہ کے دوران پولیس نے ڈرامائی کارروائی کے دوران صوبہ جموں کے راجوری ضلع میں 2پولیس اہلکاروں سمیت 10ملزمان کو ہیروئین ،پوست اور بھنگ کے ساتھ رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا جبکہ معاملے کی نسبت بڑے پیمانے تحقیقات شروع کردی گئی ۔29جولائی کو اننت ناگ پولےس نے اےک شخص کو 4 کلو گرام چرس سمےت گرفتارکےا۔ 10اگست کو نوگام پولیس نے 2اسمگلروں کونشہ آﺅرادویات سمیت گرفتارکیا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اس کاروبار پر روک نہ لگائی گئی تو آنے والی نسلیں تباہ ہو جائیں گئی ۔ماہر نفسیات ڈاکٹر مظفر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سال 2016 کے دوران پی سی آر کشمیر میں 1805 ، اننت ناگ میں 429اور بارہمولہ میں 165ایسے افراد کا علاج ومعالجہ کیا گیا جو نشیلی ادویات کا استعمال کرتے ہیں ۔نشیلی ادویات کے استعمال کو مسلمانوں کےلئے حرام قراد دیتے ہوئے مفتی نذیر احمد قاسمی(صدر مفتی دارلعلوم رحیمیہ بانڈی پورہ) نے کشمیر عظمیٰ کو بتایاکہ انسان کے پاس جو صحت ہے وہ اللہ کی امانت ہے ،اس کی حفاظت کرنا انسان کی پہلی اور بنیادی ذمہ داریوں میں سے ایک ہے۔انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسی چیز کو ہر گز استعمال نہیں کیا جانا چاہئے جو انسان کی صحت کو تباہ کرنے والی ہو ۔انہوں نے کہا کہ منشیات کی جتنی بھی قسمیں ہیں، اسلام نے انہیںحرام قرار دیا ہے کیونکہ وہ انسانی صحت کےلئے مضر ہیں ۔