کپوارہ//اشرف چراغ //ہندوارہ پولیس نے منشیات میں ملوث ایک سمگلر کوڈرامائی انداز میں گرفتارکیا ۔پولیس ذرائع کے مطابق منشیات کے کاروبار میں ملوث عاشق احمد گنائی ساکن کھنہ بل ہندوارہ جو پولیس کو کئی برسوں سے مطلوب تھا اور اس کے خلاف ہندوارہ پولیس تھانہ میں 5کیس درج ہیں ۔پولیس کا کہنا ہے کہ عاشق کے بارے میں پولیس کو یہ شکایت تھی کہ وہ منشیات کے کاروبار میں ملوث ہے اور اس نے ہندوارہ اور اس کے ملحقہ علاقہ جات میں بہت سے نوجوانو ں کو منشیات کا عادی بنادیا ہے جس کے نتیجے میں پولیس کو اس کی تلاش تھی ۔پولیس کا کہنا ہے کہ وہ کپوارہ ضلع کے علاوہ دیگر اضلاع میں بھی منشیات سپلائی کرتا تھا اور انہو ں نے آج تک بہت سے نوجوانو ں کو اس بدعت کا عادی بنادیا ۔سب ڈویژنل پولیس آفیسر ہندوارہ شبیر احمد خان نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ انہو ں نے ایس پی ہندوارہ غلام جیلانی کی ہدایت پر ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر عاشق کو گرفتار کرنے کے لئے پولیس کی ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جس کے بعد پولیس پارٹی نے ایک ڈرامائی انداز میں قدیم بس اڈے کو گھیرے میں لیکر عاشق کو گرفتار کرلیا ۔