سرینگر// نیشنل کانفرنس نے منتخب ڈی ڈی سی ممبران کی طرف سے دلبدلی کا معاملہ جموںوکشمیر چیف الیکشن کمشنر شری کے کے شرما کیساتھ اُٹھایا اور اُن پر زور دیا کہ ایسے معاملات کی جانچ کرکے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے کیونکہ ایسے معاملات عوام کے منڈیٹ اور جمہوریت کی توہین کے مترادف ہیں۔ صوبائی صدر ناصر اسلم وانی اور رکن پارلیمان جسٹس (ر) حسنین مسعودی نے شوپیان کے منتخب ڈی ڈی ممبر کی طرف سے دلبدلی کا معاملہ اٹھایا اور مطالبہ کیا کہ ایسے منتخب ڈی ڈی سی ممبران کو نااہل قرار دیا جائے جنہوں نے کسی مخصوص پارٹی کے ٹکٹ، منشور اور نشان پر الیکشن لڑ کر جیت حاصل کی اور اب اپنی پارٹی وابستگی تبدیل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس رجحان کا فوری اور کارگرمقابلہ نہ کیا گیا تو اس سے جمہوریت کی بنیادوں کو نقصان پہنچے گا۔دونوں لیڈران نے دلبدلی کے معاملات پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ڈی سی انتخابات پارٹی بنیادوں پر ہوئے اور لوگوں نے چنائو میں پارٹی ، منشور اور نشان کو ملحوظ نظر رکھ کر اپنا ووٹ ڈال کر اُمیدواروں کو کامیاب بنایا۔اُن کا کہنا تھا کہ دل بدلی کے ایسے معاملات سے جمہوریت کا جذبہ مجروح ہوگا اور یہ لوگوں کے منڈیٹ کی توہین اور خلاف ورزی ہے۔