ممبر اسمبلی بانہال پر ڈی ڈی سی کونسل فنڈس کو سی ڈی ایف جتلا کر لوگوں کو گمراہ کرنے کا الزام
محمد تسکین
بانہال// ضلع ترقیاتی کونسل کیلئے بانہال اے سے منتخب رکن اورسینئرکانگریس لیڈر امتیاز احمد کھانڈے نے ممبر اسمبلی ڈوڈہ معراج ملک پر عائد پی ایس اے کی مذمّت کرتے ہوئے اسے کالعدم قرار دینے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے ممبر اسمبلی بانہال پر الزام لگایا کہ وہ ضلع ترقیاتی کونسل رام بن سے مختلف تعمیراتی کاموں کیلئے منظور کی گئی رقومات کو اپنے کانسچونسی ڈیولپمنٹ فنڈس کے زمرے سے واگزار کرنے کی غلط اطلاعات عوام تک پہنچا رہے ہیں۔ بانہال میں منعقد ایک پریس کانفرنس میں امتیاز احمد کھانڈے نے کہا کہ وہ بحیثیت ڈی سی سی کونسلر ممبر اسمبلی ڈوڈہ معراج ملک پر پبلک سیفٹی ایکٹ لگانے کی شدید مذمت کرتے ہیںاور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک چھوٹے سے معاملے کو اتنا طول دینا سراسر غلط ہے اور اس میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کو غور کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے تمام ممبران اسمبلی اور موجودہ سرکار کو اس سخت اور ظالمانہ طریقے کی بھرپور مخالفت کیلئے سڑکوں پر آنا چاہئے ورنہ آنے والے دنوں میں اور تو اور وزیراعلی کو بھی یوں ہی گرفتار کیا جائے گا۔امتیاز احمد کھانڈے نے ممبر اسمبلی بانہال پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ ڈی ڈی سی کونسل رام بن کی طرف سے مختلف کاموں کیلئے واگزار کئے گئے فنڈس کو کانسچونسی ڈیولپمنٹ فنڈس قرار دیکر غلط بیانی کرکے لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں اور وہ اس کی مذمّت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ممبر اسمبلی بانہال نے عید کے موقع پر عیدگاہ بانہال کی دیوار بنانے کیلئے اپنے کانسچونسی ڈیولپمنٹ فنڈس سے دس لاکھ روپئے کی رقم دینے کا اعلان کیا تھا لیکن اب جب عیدگاہ بانہال کے کام کے ٹینڈرز نکالے گئے ہیں تو اس میں عید گاہ کی رقم کو ڈی ڈی سی کونسل سے ڈسٹرکٹ کیپکس بجٹ کے تحت ریلیز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح کے کئی کام ہیں جو ڈی ڈی سی کونسل سے جاری کئے گئے فنڈس سے بنائے جا رہی ہیں اور ممبر اسمبلی اسے کانسچونسی ڈیولپمنٹ فنڈس سے خرچ رقم کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن حقیقت میں ایسا کچھ نہیں ہے اور یہ عوام کے ساتھ دھوکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ معراج ملک کے معاملے پر بھی عوامی سرکار مکمل ناکام ہو کر رہ گئی ہے اور ایسا لگتا ہے جیسے سرکار ہے ہی نہیں اور سرکار کوئی طاقت رکھتی ہی نہیں ہے اور یہاں مرکز کا راج چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ممبران اسمبلی کو لوگوں سے معافی مانگنی چاہئے اور اپنے استعفے پیش کرنے چاہئیں ۔