جموں//لیفٹینٹ گورنر کے مشیر فاروق احمد خان نے خوراک،رسدات،عوامی تقسیم کاری اور امور صارفین ( ایف سی ایس اینڈ سی اے ) کے سینئر افسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں جموں ڈویژن میں محکمہ کے مجموعی کام کاج پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ڈائریکٹر خوراک ورسدات جموں نے میٹنگ میں محکمہ کے کام کاج کے بارے میں آگاہ کیا کہ عوامی تقسیم کاری نظام کے تحت چاول ، گندم ، چینی ، مٹی کا تیل ضروری اشیاء کی تقسیم کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یکم فروری 2016 سے پورے جموں و کشمیر میں نیشنل فوڈ سیکورٹی ایکٹ 2013 نافذ ہے جس کا مقصد مناسب قیمتوں پر معیاری خوراک کی مناسب مقدار تک عوام کو رسائی فراہم کرنا ہے اور اس وقت جے کے یو ٹی کو اے اے وائی ، ترجیحی گھرانے ( پی ایچ ایچ ) اور غیر ترجیحی گھرانوں ( این پی ایچ ایچ ) میں تقسیم کیلئے مرکزی حکومت کے ذریعہ غذائی اجناس موصول ہوتے ہیں ۔ڈائریکٹر نے میٹنگ میں یہ بھی بتایا کہ این ایف ایس اے کے تحت مستحقین کو اضافی غذائی اجناس کی فراہمی کیلئے حکومت نے ’’ جے اینڈ کے فوڈ انٹائیٹلمنٹ سکیم ‘‘ متعارف کرائی ہے جس میں یکم جولائی 2016 سے خاندان کے مستحق افراد کو فی نفوس اضافی 5 کلو گرام اناج فراہم کرنے کا تصور ہے ۔ ڈائریکٹر ایف سی ایس اور سی اے نے میٹنگ میں یہ بھی بتایا کہ محکمہ نے فوڈ سٹورز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے ہیں اور جموں ڈویژن کے تمام اضلاع میں کورپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کے حوالے سے شکایات خانوں اور نوٹس بورڈ بھی لگائے ہیں ۔ میٹنگ میں ایف سی ایس اور سی اے کے ملازمین سے متعلق مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جس میں ایس آر او 202 کی مدت میں مقرر جموں کے افسران کے حق میں الاؤنس جاری کرنا اور جونئیر اسسٹنٹ کے حق میں فاؤنڈیشن کورس کیلئے ایک وقت کی چھوٹ شامل ہے ۔ مشیر نے افسران کو ہدائت دی کہ وہ مارکیٹ میں اشیائے خوردنوش کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھیں اور معائینہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ کھانے کی اشیاء صرف مقررہ نرخوں پر فروخت کی جاتی ہیں اور ایف سی ایس اور سی اے ڈیپارٹمنٹ کے جاری کردہ اصولوں اور ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے ۔ مشیر نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے آدھار نمبروں کے ساتھ صارفین کے راشن کارڈ کو اپ ڈیٹ کریں تا کہ ہر صارف اس سلسلے میں فائدہ اٹھا سکے ۔ مشیر نے جاری کووڈ 19 وبائی امراض پر محکمہ کے کردار کو بھی سراہا جبکہ جموں و کشمیر یو ٹی کے لوگوں کے دروازے پر راشن اور دیگر اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنایا ۔