سرینگر//بے روزگار نوجوانوں کو کمائی کاذریعہ فراہم کرنے کی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سرینگر نے ’ممکن ‘اسکیم کے تحت زیادہ سبسڈی پردی گئی بارہ گاڑیوں کی چابیاں مستفیدین کوسونپ دی ۔ضلع روزگاروکونسلنگ مرکز پر منعقدہ ایک تقریب پر ڈپٹی کمشنر نے یہ چابیاں ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ کی موجودگی میں ان کے حوالے کیں ۔اس موقعہ پر بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ انتظامیہ نوجوانوں کو روزگار کے بہتر موقع فراہم کرنے کیلئے جانفشانی اور محنت کے ساتھ کام کررہا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے مستفیدین پرزوردیا کہ وہ جوش وولولے کے ساتھ کام کریں اوروقار کے ساتھ باعزت روزگار کمائیں۔انہوں نے انہیں گاڑیوں کو منافع بخش طریقے پر چلانے کی تاکیدکی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نوجوانوں کوروزگار فراہم کرنالیفٹینٹ گورنر انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ ’ممکن ‘اسکیم نے خواہشمند نوجوانوں کے باعزت روزگار کمانے کونہ صرف ممکن بنایا ہے بلکہ انہیں دوسروں کوروزگار فراہم کرنے کے قابل بھی بنایا ہے ۔