بلال فرقانی
سرینگر// جموں کشمیر میں نوجوانوں کیلئے مشن یوتھ کے تحت شروع کی گئی روزگار اسکیم’ ممکن‘ کے تحت گزشتہ برس سرکار نے صرف40فیصد درخواستوں کوہی منظوری دی،جس کی وجہ سے نوجوانوںمیں مایوسی پائی جارہی ہے۔اس اسکیم کے تحت بے روزگار نوجوانوں کو نقل و حمل کے شعبے میں پائیدار روزگار قائم کرنے کیلئے رعایتی بنیادوں پر چھوٹی کمرشل گاڑیاں خریدنے میں سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ برس نومبر تک اس اسکیم کے تحت جموں کشمیر میں10ہزار703درخواستیں موصول ہوئیںجن میں صرف4243درخواستوں کو منظوری مل گئی۔’ممکن‘ بنیادی طور پر 18 سے 35 سال کی عمر کے بے روزگار نوجوانوں کیلئے تیار کی گئی اسکیم ہے۔ اسکیم کے ذریعے نوجوانوں کو بنکوں کی شراکت کے ساتھ چھوٹی مال بردارگاڑیاں فراہم کی جا رہی ہیں جس کے ذریعے خریدی جانے والی گاڑی کی آن روڈ قیمت کیلئے قرض کی سہولت 100 فیصد تک ہے۔اس کے علاوہ مشن یوتھ گاڑی کی آن روڈ قیمت کیلئے 80ہزار روپئے یا 10 فیصد کی رقم (جو بھی کم ہو) پیشگی رعایت کے طور پر فراہم کرتا ہے اور گاڑیاں تیار کرنے والوں(حکومت کے سکیم شراکت دار) اس پر خصوصی رعایت فراہم کرتے ہیں۔
اسکیم کے نفاذ کو مکمل طور پر شفاف اور تیز تر بنانے کیلئے اس اسکیم کو ڈیجیٹل بنانے کیلئے JK-e-Services(جے کے ای سروس) پورٹل پر ایک ماڈیول تیار کیا گیا ہے۔جموں و کشمیر انتظامیہ نئے کاروباری اداروں کے قیام یا آمدنی پیدا کرنے کیلئے موجودہ منصوبوں کی توسیع اور جدید کاری کیلئے آسان مالیات کی سہولت بھی فراہم کر رہی ہے۔نظامت معاشیات و شماریات نے نومبر 2023کی ڈسٹرکٹ گڈ گورننس انڈیکس(ڈی جی جی آئی) رپورٹ میں محکمہ روزگار کے اسسٹنٹ ڈائریکٹروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ راجوری میں575درخواستوں میں565،گاندربل میں447درخواستوں میں364اور سامبا میں402میں سے215 درخواستوں کو منظوری دی گئی ہے تاہم نومبر کے آخر تک10اضلاع میں اس سکیم کی بھیانک صورتحال سامنے آئی ہے۔ شوپیاں میں413درخواستوں میں118،بانڈی پورہ میں496درخواستوں میں166، کپوارہ میں893درخواستوں میں305،پلوامہ میں380درخواستوں میں144اور بڈگام میں352درخواستوں میں سے170درخواستوں کو ہی منظوری ملی ہے اور باقی ابھی زیر التواء ہیں۔ محکمہ سٹیٹسٹکس کے مطابق ریاسی میں546درخواستوں میں صرف96،رام بن میں830میں 153،پونچھ میں828میںسے190،ڈوڈہ میں541میں 145،سرینگر میں 442میں 244 اور اننت ناگ میں401میں سے364درخواستوں کو منطوری مل گئی ہے۔ اعداد شمار کے مطابق کولگام میں565ایسی ہی درخواستوں میں 333،کشتواڑ میں434میں 164،کھٹوعہ میں638میں 221،شوپیاں میں413میں 118 ،ادھمپور میں 472 میں158درخواستوں کومنظوری دی گئی۔مشن یوتھ کے ایک افسر نے بتایا کہ ممکن اسکیم جموں کشمیرانتظامیہ کا ایک پرجوش پروگرام ہے جس کا مقصد ایک کثیر الجہتی حکمت عملی کے ذریعے نوجوانوں کو جموں و کشمیر کی سماجی و اقتصادی ترقی میں مثبت طور پر شامل کرنا ہے جس میں تمام ضروری منظم مشاورت بالخصوص ہنر مندی کی ترقی، ذریعہ معاش پیدا کرنے، تعلیم کے شعبے، تفریح اور کھیل کود شامل ہے۔