عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری کے ایم ایل اے افتخار احمد نے پنچایت کلالکس میں ایک اہم سڑک رابطہ منصوبے کا افتتاح کیا جو مرکزی سڑک کو کلیان محلہ سے جوڑتا ہے۔ اس منصوبے سے علاقے کے عوام کو آمدورفت میں آسانی اور بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔افتتاحی تقریب میں محکمہ تعمیرات عامہ ڈویژن کلکوٹ کے ایگزیکٹیو انجینئر سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور اس ترقیاتی اقدام پر خوشی کا اظہار کیا۔ایم ایل اے افتخار احمد نے کہا کہ دیہی ترقی کے لئے معیاری بنیادی ڈھانچہ انتہائی ضروری ہے اور حکومت اس حوالے سے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکمہ کو سختی سے ہدایت دی کہ تعمیراتی کام میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے واضح الفاظ میں کہاکہ ’کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ یہ سڑک عوام کے لئے ہے اور عوام کو بہترین سہولت فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے‘۔ایم ایل اے نے عوام کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے اور جو بھی معاملات ان کے نوٹس میں لائے گئے ہیں انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔مقامی لوگوں نے اس منصوبے کو خوش آئند قرار دیا اور ایم ایل اے کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں سے علاقے میں ترقیاتی عمل تیز ہوا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی عوامی مسائل اسی طرح بروقت حل کئے جائیں گے۔یہ منصوبہ کلیان محلہ سمیت آس پاس کی بستیوں کے لئے نہ صرف آسان سفری سہولت فراہم کرے گا بلکہ مقامی سطح پر ترقی کے نئے دروازے بھی کھولے گا۔