لیفٹیننٹ گورنرکی آرمی وار کالج افسران سے بات چیت
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہانے کہا ہے کہ ہمیں ہر اُس ملی ٹینٹ اور ملی ٹینٹ تنظیم کو ختم کرنے کا عہدکرنا ہوگا جو ہماری سلامتی ، سیکورٹی اور خوشحالی کیلئے خطرہ لاحق ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر آرمی وار کالج مہو میں ہائیر کمانڈ کورس ۔ 54میں شرکت کرنے والے اَفسران سے بات چیت کررہے تھے۔لیفٹیننٹ گورنر نے راج بھون میں آرمی وار کالج کے اَفسران اور فیکلٹی ممبران سے خطاب کیا اور موجودہ جیو پولیٹیکل اور جیو سٹریٹجک مسائل کے علاوہ اِنسداد ملی ٹینسی کی حکمت عملی اور دہشت گردی کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کے لئے حکومت کی پوری حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔اُنہوں نے کہا،’’ میں تمام شہریوں کو محفوظ رکھنے اور ملک کے اتحاد، سا لمیت اور خودمختاری کے تحفظ پر تینوں افواج کے بہترین افسران کو مُبارک باد اور شکریہ اَدا کرتا ہوں،ہمیں ہر اُس ملی ٹینٹ اور ملی ٹینٹ تنظیم کا خاتمہ کرنے کا عہد کرنا چاہیے ،جو ہماری سلامتی، سیکورٹی اور خوشحالی کے لئے خطرہ ہو۔‘‘اُنہوں نے گزشتہ چند برسوں میں جموں و کشمیر کی یونین ٹیریٹری اِنتظامیہ اور سیکورٹی اپریٹس کی طرف سے کی گئی کلیدی اِصلاحات اور اَقدامات کا بھی اِشتراک کیا۔اِ س موقعہ پرکمانڈ نٹ آر می وار کالج لیفٹیننٹ جنرل ہر جیت سنگھ ساہی، فیکلٹی ممبران اور سیکورٹی فورسز کے سینئر اَفسران بھی موجود تھے۔